آمد رسول مقبول ﷺ اللہ تعالی کا فضل عظیم ہے،بلال سلیم قادری

جمعرات 28 اگست 2025 21:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء)پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام فکری نشست کا انعقاد کیا گیا۔فکری نشست میں سیرت النبی ﷺ پر روشنی ڈالی گئی۔مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری نے فکری نشست سے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر شخص اپنا محاسبہ کرے کیا ہم سچے عاشق رسول ﷺ ہیں۔ماہ ربیع الاول میں رحمت دو عالم ﷺ اس دنیا میں تشریف لائے خدا نے ان کو سب سے زیادہ تعریف وتحسین کے قابل بنایا وہ جس کی اطاعت کی جائے، جس کا کہا مانا جائے جس کا دن رات چرچا ہو دنیا و آخرت کی فلاح و بہبود صرف اس کی محبت،اطاعت اور اتباع میں مضمر قرار دے دی گئی۔

آپ ﷺ کی سیرت پر ہم نے کتنا عمل کیا کیا کبھی ہم نے اپنے سے چھوٹے کو وہ عزت تھی جو آقا دو جہاں ﷺ دیا کرتے تھے۔

(جاری ہے)

میلا دالنبی ﷺاور محبتِ رسول ﷺ کا تقاضا نہیں کہ ہم نبی کے حسن اخلاق کی سراپا تصویر بننے کی کوشش کریں۔بحثیت مسلمان ہمارا کردار اس شان کا ہو کہ کافر دیکھیں اور سوچیں کہ اگر امتی اس کردار کا حامل ہے تو خود امت بنانے والے کا کردا کیسا ہو گا۔

بلال سلیم قادری کا مزید کہنا تھا کہ ربیع الاول وہ عظیم ماہ ہے جس میں امام الانبیا حبیب کبریاء، فخر موجودات، باعث تخلیق کائنات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت ہوئی۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وجود مسعود سے پوری دنیا میں نور حق پھیلا اور کفرو باطل کی تاریکیاں چھٹ گئیں۔میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑی نعمت اور کیا ہوسکتی ہے۔ یہ وہ نعمت عظمی ہے جس کے لئے خود رب کریم نے خوشیاں منانے کا حکم فرمایا ہے۔آج پوری دنیا میں نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سیرت پر دوسرے مذاہب کے لوگ بھی عمل کر رہے ہیں۔