سوچے سمجھے سازش کے تحت بلوچستان کو جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کیلئے مقتل گاہ بنایا گیا،جے یوآئی ضلع کوئٹہ

جمعرات 28 اگست 2025 23:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا حافظ حسین احمد شرودی ضلعی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد طاہر توحید ی مولانا سعید احمد مولانا مفتی عبدالباقی بڑیچ مولانا محمد اکبر مینگل مولانا مفتی محمد رضا خان مولانا محمد عثمان پرکانی مولانا حافظ احمد جان ساسولی مولانا قاری نظر محمد حقانی مولانا حاجی محمد عسی مولانا عبدالمجید امین جان رند ملک روز الدین کاکڑ نصیب اللہ اغا ایڈوکیٹ عبدالباری شہزاد اورجمعیت طلبہ اسلام ضلع کوئٹہ کے صدرحافظ حبیب الرحمن اور جنرل سیکرٹری حافظ عابد اللہ حنفی نے اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کو چن چن قتلِ کیا جارہا ہے ایک سوچے سمجھے سازش کے تحت بلوچستان کو جمعیت علماء اسلام کے ورکرز کے لیے مقتل گاہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام تحصیل چمن کے سالار حافظ عبدالقادر کی المناک شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حافظ عبدالقادر کی شہادت قومی سانحہ ہیحافظ عبدالقادر کی شہادت ایک ناقابل تلافی نقصان ہے اور ان کی بے لوث خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا حافظ عبدالقادر شہید نے دین اسلام کی تبلیغ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی ان کی قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہیں گی انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کوئٹہ نے اس سفاکانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کے ذمہ داروں کو فوری طور پر گرفتار کرے اور انہیں قرار واقعی سزا دے۔

اس طرح کے واقعات امن و امان کے قیام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہیں اور حکومت کو اس حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ ہم اس غم کی گھڑی میں حافظ عبدالقادر شہید کے خاندان اور جمعیت علماء اسلام چمن کے تمام کارکنان کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ مولانا شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے، آمین۔