پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان گہرے سماجی، ثقافتی اور دینی تعلقات کی بنیادیں ہیں، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعرات 28 اگست 2025 23:25

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اگست2025ء) وزیراطلاعات آزدحکومت ریاست جموں وکشمیر مولانا پیر محمد مظہرسعیدشاہ دعوتی دورے پر بنگلہ دیش پہنچ گئے ۔ بنگلہ دیش پہنچنے پروزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعیدشاہ کابنگلہ دیش کے معروف علماکرام نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیراطلاعات کا ائیرپورٹ پر مولانا ابو الصائم خالد، مولانا محی الدین خان، مولانا ذاکر حسین، مولانا حمزہ شہید الاسلام، مولانا مفتی سلمان اور مولانا مفتی بختیار،مولانا مفتی حبیب اللہ مصباح، مولانا مفتی صائم خالد، بزنس کمیٹی سے تعلق رکھنے والے نظام الحق، مولانا منصور سمیت سینکڑوں افراد نے استقبال کیا۔

ڈھاکہ پہنچنے پر وزیراطلاعات پر گل پاشی کی گئی اوران کا خیر مقدم کیاگیا۔ وزیر اطلاعات نے جامعہ کریمیہ نارائن گنج ڈھاکہ اور جامعہ اسلامیہ افسر العلوم میں اجتماعات سے خطابات کیے۔

(جاری ہے)

دونوں اجتماعات میں پہنچنے پر عوام اور طلباء کرام نے آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات کا شاندار استقبال کیا ۔ انہوں نے بنگلہ دیش میں تبلیغی اجتماع سے بھی خطاب کیا اوراصلاحِ امت، اتحادِ بین المسلمین اور دعوت و تبلیغ پر زور دیا۔

اس موقع پر خطاب میں بنگلہ دیشی علما ء کرام کا کہناتھاکہ پیر محمد مظہر سعیدشاہ کا دورہ بنگلہ دیش دونوں ممالک کے دینی حلقوں میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔دریں اثناء بنگلہ دیش میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں آزاد کشمیر کے وزیراطلاعات پیر محمد مظہرسعیدشاہ کاکہناتھا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین گہرے سماجی، ثقافتی اور دینی تعلقات کی بنیادیں موجود ہیں۔دونوں ممالک دین اسلام کے مقدس رشتے میں جڑے ہوئے ہیں ۔بنگلہ دیشی عوام کا پیا ر اورمحبت ایک اثاثہ ہے۔پیر محمد مظہر سعید شاہ کل ڈھاکہ میں سیرت کانفرنس سے خطاب کریں گے اورڈھاکہ کی معروف جامع مسجد النور میں نماز جمعہ پڑھائیں گے۔