Live Updates

فلڈ پلان ایکٹ کے تحت آبی گزرگاہوں میں قائم تعمیرات کو خالی کرایا جائے گا تاکہ آئندہ مزید نقصان سے بچا جا سکے، عرفان علی کاٹھیا

جمعہ 29 اگست 2025 13:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ گذشتہ روز لاہور کے مقام شاہدرہ سے 1988 کے بعد سب سے بڑا سیلابی ریلہ گزرا،تاہم لاہور میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔جمعہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شاہدرہ کے مقام پر دو لاکھ 20 ہزار کیوسک کا ریلہ گزرا اور اب پانی کی سطح کم ہورہی ہے،جو آئندہ چند گھنٹوں میں مزید کم ہوجائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بلوکی کے مقام پر ایک لاکھ 47 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے جبکہ ڈاون سٹریم سے پانی دریائے راوی میں شامل ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت آبی گزر گاہوں میں رہائش پذیر افراد کو سختی سے انخلا کی ہدایت کر رہی ہے۔بھارت کے مادھوپور ہیڈ ورکس سے مسلسل80 ہزار کیوسک پانی آ رہا ہے جو شاہدرہ سے گزر رہا ہے جبکہ چنیوٹ ہیڈ ورکس سے بھی مزید ریلا گزرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ریواز برج بڑا چیلنج ہے اور ضرورت پڑنے پر بند توڑا جائے گا تاکہ جھنگ کو محفوظ بنایا جا سکے۔ڈی جی عرفان کاٹھیا نے کہا کہ قصور میں دریائے ستلج پر چار دن سے دو لاکھ کیوسک سے زائد پانی آ رہا ہے،سلیمانکی میں بھی پانی کا بہائو بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اب تک1769 دیہات زیر آب آ چکے ہیں،14 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ4 ہزار سے زائد لوگ کیمپوں میں موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک4 لاکھ سے زائد افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے،بعض مقامات پر طاقت کا استعمال کرکے بھی لوگوں کو نکالنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سیلاب کے باعث20 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔جب تک پانی سندھ میں داخل نہیں ہوتا اس وقت تک پنجاب الرٹ پر رہے گا۔سندھ حکومت کو بھی صورتحال سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کوہ سلیمان میں بارشوں کے نتیجے میں ہل ٹورنٹس کا پانی رود کوہیوں سے گزرے گا جبکہ بھارت کی جانب سے بروقت معلومات فراہم نہ کرنے کے باعث نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس رویے پر بین الاقوامی میڈیا نے بھی بھارت پر تنقید کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلڈ پلان ایکٹ کے تحت آبی گزرگاہوں میں قائم تعمیرات کو خالی کرایا جائے گا تاکہ آئندہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات