اسلحہ نمائش میں اسرائیلی سرکاری حکام کو مدعو نہیں کیا جائے گا، برطانیہ کی تصدیق

جمعہ 29 اگست 2025 16:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) برطانوی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ لندن میں ہونے والی اسلحہ نمائش میں اسرائیلی سرکاری حکام کو مدعو نہیں کیا جائے گا۔اے ایف پی کے مطابق برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے جمعہ کو جاری بیان میں کہاکہ ہم تصدیق کرتے ہیں کہ اسرائیلی سرکاری وفد کو ستمبر میں ہونے والی اسلحہ نمائش ’’ڈی ایس ای آئی-یو کے 2025‘‘ میں مدعو نہیں کیا جائے گا۔

تاہم اسرائیلی دفاعی کمپنیاں اس دو سالہ نمائش میں شرکت کر سکیں گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسرائیل نے سرکاری حکام پر پابندی کے برطانوی فیصلے کو امتیازی سلوک قرار دیا ہے۔برطانوی وزیراعظم کئیر اسٹارمر کی حکومت نے حالیہ مہینوں میں غزہ کے حالات کے باعث اسرائیل کے خلاف کئی اقدامات کیے ہیں جن میں اسلحہ برآمد کے لائسنس معطل کرنا، تجارتی مذاکرات روک دینا اور اسرائیلی وزراء پر پابندیاں شامل ہیں۔

برطانوی حکومت کے بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی حکومت کا غزہ میں اپنی فوجی کارروائی میں مزید شدت لانے کا فیصلہ غلط ہے، اس جنگ کے خاتمے کے لیے فوری سفارتی حل ہونا چاہیے، جنگ بندی فوراً ہونی چاہیے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کے عوام کے لیے بڑے پیمانے پر انسانی امداد کی فراہمی لازمی ہے۔