ہری پور،قتل و ڈکیتی میں ملوث مقتولہ کی نواسی اورآشناء48 گھنٹوں میں گرفتار ، سرقہ شدہ رقم، 36 لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات برآمد

جمعہ 29 اگست 2025 19:50

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پولیس نےتھانہ غازی کی حدود جھامرہ قتل و ڈکیتی کیس میں مقتولہ کی نواسی اورآشنا کو48 گھنٹوں میں گرفتارکرکے سرقہ شدہ رقم 1 لاکھ 95 ہزار روپے، 36 لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات اور وقوعہ میں استعمال ہونے والا پستول اور دیگر آلات بھی برآمدکرلئے۔اس حوالہ سےایس پی انوسٹی گیشن ہری پور جمیل الرحمان نے تھانہ غازی میں پریس بریفنگ کے دوران بتایاکہ25اگست کو تھانہ غازی کی حدود جھامرہ محلہ بھال میں علی الصبح ڈکیتی و قتل کا واقعہ پیش آیا۔

مدعی سیفر علی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302.395.457.34 تعزیرات پاکستان کے تحت مقدمہ درج ہوا ۔ ڈی پی او ہری پور فرحان خان نے وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی انوسٹی گیشن ہری پور کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سرقہ شدہ رقم اور طلائی زیورات کی برآمدگی کے احکامات جاری کیے ۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی غازی مسعود خان اور دیگر افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے ۔

ایس ایچ او تھانہ غازی شہریار خان نے ہمراہ تفتیشی سٹاف کے ڈی ایس پی غازی کی زیر نگرانی مقدمہ میں تفتیش کا آغاز کیا اور مقتولہ کی نواسی مسماۃ ( ا)دختر غلام سلطان کو مشکوک جان کر انٹاروگیٹ کیا۔ ملزمان کا آپس میں ٹیلی فونک رابطہ تھا۔ملزمہ نے اپنے آشنارضوان علی کے ساتھ مل کر وقوعہ کا اعتراف کیا ۔ ملزمہ کو حسب ضابطہ مقدمہ میں گرفتار کیا اور پیش عدالت کیا۔

ملزمہ جوڈیشل ریمانڈ پر سنٹرل جیل ہری پور منتقل کیا گیا۔ملزمہ کے ساتھی رضوان علی ولد شوکت علی کو بھی حسب ضابطہ گرفتار کرکے سرقہ شدہ رقم مبلغ 1 لاکھ 95 ہزار روپے، 36 لاکھ سے زائد مالیت کے طلائی زیورات اور وقوعہ میں استعمال ہونے والا پستول اور دیگر آلات بھی برآمد کر لیے گئے۔ملزم رضوان علی کوعدالت پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیاہے جبکہ مقدمہ کی مزیدتفتیش جاری ہے۔