پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام پاکستانی جامعات اور امریکہ کے درمیان مضبوط روابط کے تحت انٹرپرینیورشپ اور مصنوعی ذہانت پر تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد

جمعہ 29 اگست 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اگست2025ء) پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس نے یو ایس ڈیپارٹمنٹ آف سٹیٹ کے اقدام پاکستانی جامعات اور امریکہ کے درمیان مضبوط روابط کے تحت انٹرپرینیورشپ اور مصنوعی ذہانت پر تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب میں امریکی قونصل جنرل لاہور مسٹر سٹیٹسن سینڈرز، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، پروفیسر ڈاکٹر جو این رولے میڈگر ایورز کالج، کنی، پروفیسر ڈاکٹر بائرن ای پرائس، ڈین سٹیل مین کالج پروفیسر ڈاکٹر آئزک میک کوئے، مسز راکیل کنگ، مسٹر ولیم اے کیمبل،مسٹر سندیپ پال، امریکی قونصلیٹ سے سمعیہ طارق، چیئرمین یونیورسٹی آف سیالکوٹ ڈاکٹر فیصل منظور، پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد، فیکلٹی ممبران اور طلبا طالبات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں سٹیٹسن سینڈرز نے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دیرینہ شراکت داری پر زور دیا۔ انہوں نے پروگرام کی کامیابی کے لیے منتظمین کی کوششوں اور تعاون کو سراہا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے کاروباری اقدامات کو فروغ دینے اور طالب علموں کو اختراعی کاروباری آئیڈیاز کو آگے بڑھانے کی ترغیب دینے پر کالج کی تعریف کی۔پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد نے طلبا کی جانب سے ذرائع آمدن پیدا کرنے اور انٹرپرینیورشپ کو آگے بڑھانے کے لیے ان کے مصنوعی ذہانت کے استعمال کر سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج کے تعاون سے دی جانے والی اس تربیت میں 250 طلبا نے پانچ گروپس میں حصہ لیا۔ پروگرام کے دوران شرکا نے اجتماعی طور پر 150 سے زائد کلائنٹس سے 20لاکھ سے زیادہ کا کاروبار کیا۔انہوں نے کہا کہ کئی طلبا مزید کاروباری معاملات کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہیں، جو عملی کاروباری نتائج پر پروگرام کی توجہ کی عکاسی کرتے ہیں۔تقریب میں سب سے زیادہ کمانے والے طلبا کی تعریف کی گئی۔ اس موقع پر طلبا و طالبات نے اپنے تجربات سے بھی شرکا کو آگاہ کیا۔ تقریب کے اختتام پر سووینئرز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔ بعد ازاں ہیلی میوزیکل سوسائٹی کی جانب سے ایک میوزیکل پرفارمنس پیش کی گئی۔