وزیر اعظم چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 30 اگست سے 4 ستمبر تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے

جمعہ 29 اگست 2025 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف عوامی جمہوریہ چین کے صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 30 اگست سے 4 ستمبر 2025 تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم اپنے دورے کے دوران تیانجن میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ جمعہ کو دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف دورہ چین کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے صدرشی جن پنگ اور وزیر اعظم لی چیانگ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جن میں پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جن میں اقتصادی شراکت داری، سی پیک کے اگلے مرحلے کی پیشرفت اور علاقائی و عالمی امور شامل ہیں۔

(جاری ہے)

بیجنگ میں وزیر اعظم شہباز شریف دوسری جنگ عظیم کی فتح کی 80 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی خصوصی فوجی پریڈ میں صدر شی جن پنگ اور دیگر عالمی رہنمائوں کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم معروف چینی سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ پاک-چین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو فروغ دیا جا سکے۔ وہ بیجنگ میں منعقد ہونے والی پاک-چین بی ٹو بی سرمایہ کاری کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطحی قیادت کے مسلسل تبادلوں کا تسلسل ہے جو دونوں ممالک کی سدا بہار سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید گہرا کرنے، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو فروغ دینے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔