/پاکستان کا سلامتی کونسل میں یونفیل مینڈیٹ کی تجدید پر مؤقف، لبنانی فوج کی تعیناتی اور اسرائیل کا انخلاء ضروری

ظ*لبنان میں استحکام کے لیے سلامتی کونسل میں پائیدار سیاسی حل کی ضرورت پر زور

جمعہ 29 اگست 2025 22:35

ت*نیو یارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 اگست2025ء) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں یونفیل (یو این آئی فورس ان لبنان) کے مینڈیٹ کی تجدید پر اپنے مؤقف کا اظہار کیا اور کہا کہ لبنان میں پائیدار امن کے لیے کچھ اہم نکات پر مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے نائب مستقل نمائندے سفیر عثمان جدون نے یونفیل مینڈیٹ کی تجدید کے حوالے سے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ قرارداد ایک سمجھوتے کی عکاسی کرتی ہے، لیکن ہمارے مؤقف کا مکمل طور پر احاطہ نہیں کرتی۔

ہم نے اتفاقِ رائے کے لیے اس قرارداد کی حمایت کی، تاہم لبنان میں استحکام کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔سفیر عثمان جدون نے اس بات پر زور دیا کہ لبنان کی آرمڈ فورسز کی دریائے لیتانی کے جنوبی علاقے میں مکمل تعیناتی کو یقینی بنایا جانا چاہیے، تاکہ علاقے میں مکمل سلامتی اور استحکام قائم ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لبنان کی فوج کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بین الاقوامی حمایت میں مزید اضافہ ضروری ہے۔

پاکستان نے سلامتی کونسل میں اپنے خطاب میں کہا کہ لبنان کے جنوبی علاقوں میں فوج کی مکمل تعیناتی کے بغیر، لبنان میں پائیدار امن قائم کرنا ممکن نہیں۔ سفیر عثمان جدون نے کہا کہ لبنانی فوج کی مکمل تعیناتی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی حمایت بڑھانا، لبنان کی خودمختاری اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو لبنان کے تمام علاقوں سے انخلائ کرنا چاہیے، تاکہ لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو محفوظ کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہااسرائیل کو لبنان کے تمام علاقے چھوڑنے ہوں گے تاکہ لبنان میں امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔پاکستان نے فرانس کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرانس نے یونفیل مینڈیٹ کی تجدید کے عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے اور فریقین کو اکٹھا کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ تاہم، پاکستان نے کہا کہ ہمیں اس بات کا بھی خیال رکھنا ہوگا کہ لبنان میں امن کے لیے اس قرارداد میں کچھ اہم نکات شامل کیے جائیں جو لبنان میں پائیدار سیاسی حل کی طرف لے جائیں۔

پاکستان نے لبنان میں محفوظ اور منظم منتقلی کے لیے میزبانی کرنے والے ملک کے ساتھ قریبی رابطے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ یونفیل مینڈیٹ کی تجدید کے بعد منتقلی کا عمل محفوظ اور موثر ہو۔ پاکستان نے لبنان کی فوج کی صلاحیت بڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر اس کے لیے مزید حمایت فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پاکستان نے اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 پر مکمل عمل درآمد کی اہمیت کو اجاگر کیا، اور کہا کہ لبنان میں پائیدار امن کے لیے اس قرارداد پر پوری طرح عمل درآمد ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبنان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اس قرارداد پر مکمل عمل درآمد اور اس کے ساتھ ساتھ لبنان کے سیاسی حل کی جانب پیشرفت ضروری ہے۔پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ لبنان کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور سلامتی کونسل کی تمام متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ لبنان میں استحکام اور سلامتی کے قیام کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں میں شریک رہے گا