Live Updates

سندھ حکومت کی فلڈ ٹیم ، ناصر شاہ، جام خان شورو اور مکیش کمار چاولہ کا گڈو بیراج کا ہنگامی دورہ، صورتحال کا جائزہ

ہفتہ 30 اگست 2025 03:15

کراچی/گڈوبیراج(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)سندھ حکومت کی فلڈ ٹیم کے ممبران وزیر توانائی ، ترقیات و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ ، وزیر آبپاشی جام خان شورو اور صوبائی وزیز ایکسائیس اینڈ ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے گڈو بیراج کا ہنگامی دورہ کیا اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سپر فلڈ الرٹ جاری کیا گیا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی آمد توقع سے کم رہنے کا امکان ہے اور انتظامیہ کو مکمل الرٹ کردیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بارشیں اگر مزید ہو بھی جائیں تو کسی بڑے خطرے کی بات نہیں، تمام بچا بند مضبوط ہیں اور پانی بہ آسانی گزرنے کی توقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ "سپر فلڈ کے لیے تیاری مکمل ہے اور فوری طور پر کسی خطرے کی صورتحال نہیں۔

(جاری ہے)

" انھوں نے کہا ہے کہ سندھ کے مختلف مقامات پر بندوں کی صورتحال اس وقت تسلی بخش اور مستحکم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ قادر پل لو بند، نصرت لو بند، عاقل آگانی بند، اولڑا جاگیر بند، کند کوڑ اور آہ گوشپور بند پر محکمہ آبپاشی نے بھرپور کام کیا ہے، جس کے باعث ان کی پوزیشن بہتر ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ رواں برس پانی کی بڑی مقدار گزرنے کا امکان ہے اور ستمبر کی 3 یا 4 تاریخ کو مزید پانی گزر سکتا ہے، تاہم وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے پہلے ہی وزرا اور منتخب نمائندوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور انتظامات کی نگرانی کریں۔

انہوں نے بتایا کہ "سکھر بیراج سے ماضی میں بھی دس لاکھ کیوسک سے زائد پانی گزر چکا ہے اور اب بھی گزر سکتا ہے، لیکن تمام ادارے الرٹ ہیں اور حالات پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں۔" صوبائی وزیر نے کہا کہ اگر خدانخواستہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کچھے کے علاقوں سے لوگوں کو منتقل کرنا پڑا تو ان کے مکمل تحفظ اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ "ہم اپنے کچھے کے بھائی بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، ان کی مکمل مدد کی جائے گی اور تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔" ناصر حسین شاہ کے مطابق وزیراعلی سندھ خود انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں اور تمام ادارے ریلیف اور ریسکیو کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔وزیر آبپاشی جام خان شورو نے عوام کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ کے عوام پریشان نہ ہوں، حکومت نے سیلاب سے نمٹنے کی مکمل تیاری کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ "صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پوری پارٹی قیادت صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کر رہی ہے۔" ان کا کہنا تھا کہ آئندہ دنوں میں پنجاب سے آنے والا ریلا سندھ میں گڈو بیراج سے داخل ہوگا اور اندازہ ہے کہ اس میں 7 سے 8 لاکھ کیوسک پانی ہو سکتا ہے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ گڈو بیراج پر پنجند سے پانی کے بہا میں کمی آئے گی اور آئندہ 24 گھنٹے صورتحال کے لحاظ سے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہیں اور انتظامیہ پوری طرح متحرک ہے۔"
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات