ریڈیو پاکستان نہ صرف ملک کے طول و عرض میں معلومات، تعلیم، اور تفریح فراہم کر رہا ہے,پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریش ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ

ہفتہ 30 اگست 2025 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان کو جدید نشریاتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور سامعین کی بدلتی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ادارے میں ڈیجیٹل اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے براڈکاسٹنگ ہاؤس کوئٹہ میں نئے قائم ہونے والے آڈیو آرکائیو سینٹر اوروڈیو پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

ڈی جی پی بی سی نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نہ صرف ملک کے طول و عرض میں معلومات، تعلیم، اور تفریح فراہم کر رہا ہے بلکہ قومی بیانیے کو فروغ دینے، عوامی آگاہی بڑھانے اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اعلان کیا کہ کوئٹہ اور خضدار میں دو جدید ڈیجیٹل ریڈیو ٹرانسمیٹرز نصب کیے جا رہے ہیں جن پر 2.5 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔

ان منصوبوں سے بلوچستان میں نشریاتی نظام کی بہتری اور عوام تک پیغام کی مؤثر رسائی ممکن ہو سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں "صوت القرآن" چینل کے لیے چھ نئے ایف ایم ٹرانسمیٹرز نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ دینی تعلیمات اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔سعید احمد شیخ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جدید دور میں پوڈکاسٹنگ ایک ابھرتا ہوا میڈیم ہے، جس کے ذریعے نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں پیغام پہنچایا جا سکتا ہے۔

آڈیو آرکائیو سینٹر کے قیام سے نادر اور تاریخی ریکارڈ کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے ادارے کے ملازمین پر زور دیا کہ وہ دیانتداری، محنت، اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں اور ادارے کی ساکھ اور خدمات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسٹیشن ڈائریکٹر کوئٹہ صدیقہ خان نے ریڈیو پاکستان کو براڈکاسٹنگ کی جدید سہولیات سے لیس کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں الیکٹرانک میڈیا کی دنیا میں تیز رفتار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں، اور ان تبدیلیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف ادارے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوان سامعین تک مؤثر پیغام رسانی بھی ممکن ہو سکے گی۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل نے آڈیو آرکائیو سینٹر اور پوڈکاسٹ اسٹوڈیو کا باقاعدہ افتتاح کیا، جسے ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹل تبدیلی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا گیا۔اس موقع پر پی بی سی کے ڈائریکٹر انجینئرنگ عاقل خان سمیت اعلیٰ افسران اور مختلف شعبہ جات کے نمائندے بھی موجود تھے۔