عافیہ کا مقدمہ آسمانی عدالت میں بھی دائر ہے، جس کے سامنے ہر عدالت جوابدہ ہیں، ترجمان عافیہ موومنٹ

ہفتہ 30 اگست 2025 17:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء) عافیہ موومنٹ پاکستان کے ترجمان محمد ایوب نے کہا ہے کہ ہم نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مقدمہ زمینی عدالتوں میں ہی نہیں آسمانی عدالت میں بھی دائر کیا ہوا ہے جس کے سامنے دنیابھر کی عدالتیں جوابدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کیلئے ہر فورم پر جدوجہد جاری ہے جس میں ملکی و غیرملکی عدلیہ بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی عدالتی چھٹیوں کے خاتمے کے پہلے دن ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹر عافیہ کے کیس کی سماعت مقرر ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عافیہ کے کیس کا چارج جسٹس سردار اعجاز اسحق جنہوں نے وفاقی کابینہ کوتوہین کا نوٹس جاری کیا ہوا تھا، سے لے کر نئے جج کے حوالے کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اب یکم ستمبر، پیر کے روز ہونے والی سماعت جسٹس راجہ انعام امین منہاس کی عدالت میں ہوگی ۔

امریکہ میں قانونی کاروائی شروع ہونے کے موقع پر پاکستان میں جج کی تبدیلی پر ملک بھر سے لوگوں نے عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ رابطہ کر کے تشویش اور پریشانی کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے سپورٹرز میں تشویش کا پید ا ہونا فطری امر ہے ۔ ایسے فیصلوں پر شکوک و شبہات تو پیدا ہوتے ہیں مگر ہمیں اپنی عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے کیونکہ جج کا کام مظلوموں کو انصاف فراہم کرنا اور آئین کا دفاع کرنا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عدالتیں انسانی حقوق کا احترام کرتی ہیں اور آئین و قانون کے تحت فیصلے کرنے کی پابندہوتی ہیں ۔ پوری قوم کی امیدیں بھی عدلیہ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے پاکستان میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئینی پٹیشن 3139/2015 دائر ہے جبکہ دوسرے مرحلہ میں امریکہ میں انسانی حقوق کے بین الاقوامی شہرت یافتہ وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ نے قانونی کاروائی شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔