Live Updates

مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے سکھر میں فلڈایمرجنسی ریلیف سینٹر قائم

ہفتہ 30 اگست 2025 19:20

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2025ء)مرکزی مسلم لیگ سندھ کی جانب سے سکھر میں فلڈ ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا گیا ہے، جہاں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کے لیے تمام ضروری سامان فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سندھ بھر کے ڈویژنل ذمہ داران کا ہنگامی اجلاس فلڈ ایمرجنسی سینٹر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم نے کی۔

اجلاس میں ریسکیو ٹیموں کی تشکیل دی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں کیمپ لگانے، کشتیاں فراہم کرنے اور دیگر عملی ذمہ داریاں تقسیم کرکے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت جاری کی گئیں۔بعد ازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ندیم نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک بڑی آزمائش سے دوچار ہے۔ بھارت کی آبی جارحیت کے باعث پاکستان کے کئی اضلاع پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور خدشہ ہے کہ سارا سیلابی پانی دریائے سندھ کا رخ کرے گا، جس سے سندھ کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت اب تک صرف بیانات تک محدود ہے اور زمینی حقائق میں کوئی واضح عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔ اگر بروقت اور مثر اقدامات نہ کیے گئے تو بڑے سانحے کا اندیشہ ہے۔فیصل ندیم نے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ عوام کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پارٹی اہل خیر کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلڈ ایمرجنسی سینٹر کا قیام اسی مقصد کے تحت عمل میں لایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثرہ عوام کو فوری اور براہِ راست ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ فیصل ندیم نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ متحد ہو کر آزمائش کی اس گھڑی کا مقابلہ کریں اور متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات