Live Updates

صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق کاڈسکہ اور پسرور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

ہفتہ 30 اگست 2025 19:50

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ اور پسرور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا،وہ گوجرانوالہ ڈویژن میں فلڈ ریلیف سرگرمیوں کے انچارج ہیں ۔ انہوں نے موترہ گاؤں، آلو مہار، کھڑولیاں، ایم آر لنک نہر، سیوکی، دھڑم کوٹ، کوٹلی داسو سنگھ اور باقر پور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پسرور کے مختلف دیہات کا معائنہ کیا اور نالہ ڈیک میں پانی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔

صوبائی وزیر کے ہمراہ کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی، پارلیمانی سیکرٹری رانا فیاض، اور اراکین صوبائی اسمبلی نوید اشرف اور رانا عارف ہرناہ موجود تھے۔ میاں ذیشان رفیق اور ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے سیوکے گاؤں میں سیلاب میں گھرے افراد کو ریسکیو کرنے کی نگرانی کی اور انتظامیہ کو متاثرہ گھروں تک کھانے کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

ڈسکہ کے سیوکی گاؤں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے مسلسل دورے کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ بھارت کے وارننگ دیئے بغیر آنے والے سیلاب سے سب سے پہلے متاثر ہوتا ہے اور اس مرتبہ غیر معمولی سیلاب آیا ہے، تاہم انتظامیہ نے ہر ممکن ریلیف فراہم کیا ہے۔

میاں ذیشان رفیق نے کہا کہ نالہ ایک سے متاثرہ دیہات میں صورتحال تین روز قبل کی نسبت کافی بہتر ہے، انتظامیہ 24 گھنٹے کام کر رہی ہے اور عوامی نمائندے بھی فیلڈ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کا کوئی مکمل حل نہیں ہوتا مگر ان سے نمٹنے کے لیے تمام ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مون سون کا آغاز تین ماہ قبل ہوا اور بارشوں کا پانی شہروں اور دیہاتوں سے چند گھنٹوں میں نکالا گیا۔

صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت سیلاب سے متاثرہ افراد کے نقصان کا ازالہ کرے گی اور ان کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے گا۔کمشنر سید نوید حیدر نے کہا کہ تمام انتظامی وسائل بروکارئے لاتے سیلاب سے متاثرہ افراد کو ریسکیو کیا جا رہا ہے اور سیلاب میں گھرے ہوئے لوگوں کو کھانا پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے موجودہ سپیل کے پیش نظر مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں اور تمام افسران اور عملہ 24 گھنٹے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات