اراکین صوبائی اسمبلی کا این اے۔71 کا دورہ،اربن فلڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ

ہفتہ 30 اگست 2025 20:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2025ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی ہدایت پر اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ، چودھری فیصل اکرام اور خواجہ سلطان ٹیپو نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-71 کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دوران ٹیم نے حالیہ بارشوں اور اربن فلڈنگ سے متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا، انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر بحالی کے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔

اراکین اسمبلی نے واضح کیا کہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ حکومت اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معمولاتِ زندگی کی بحالی اولین ترجیح ہے اور حکومت کو عوامی مسائل اور مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔

(جاری ہے)

دورے کے دوران وفد نے رنگ پورہ، نیکاپورہ، شہاب پورہ، روہیل گڑھا، خواجہ صفدر روڈ، جیل روڈ، کوٹلی بہرام، خادم علی روڈ، بوتھ، ہنٹر پورہ، کیپٹل روڈ، کشمیر روڈ، نالہ بھیڈ، رکھانے، اراضی یعقوب، اتفاق پورہ سمیت متعدد متاثرہ علاقوں کا معائنہ کیا۔

شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے اراکین اسمبلی نے یقین دلایا کہ متاثرہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی بلاتاخیر شروع کی جائے گی جبکہ مستقبل میں اربن فلڈنگ کے خدشات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور جامع فلڈ پروٹیکشن منصوبہ بندی بھی عمل میں لائی جائے گی۔