/پولیو کے خاتمے کے لئے والدین اور معاشرے کے ہر شخص کو حکومت کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، علی مدد جتک

ہفتہ 30 اگست 2025 20:45

Sکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی کمیٹی کے اوربلوچستان اسمبلی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لئے والدین اور معاشرے کے ہر شخص کو حکومت کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ مستقبل کے معصوم معماروں کو عمر کیلئے اپاہج ہونے سے بچایا جاسکے۔ اور یکم ستمبر سے شروع ہونے والے پولیو مہم کے دوران والدین 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر سریاب کے دفتر میں پولیو مہم کا افتتاح کرنے کے موقع پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب سمیت مختلف محکموں کے افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے حکومت اور عوام کو یکساں کوششیں کرنا ہوں گی تاکہ پولیو وائرس کا بلوچستان اور پاکستان سے مکمل خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔

اس کیلئے حکومت اور محکمہ صحت سمیت متعلقہ ادارے موثر اقدامات اٹھارہے ہیں اانہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے 5سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے کیونکہ انہی مستقبل معماروں نے آنے والے وقت میں ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالنی ہے اور ہم نے اپنی آئندہ آنے والی نسل کو اس مہلک بیماری سے محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، والدین اور کمیونٹی ورکرز کی ذمہ داری ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔یاد رہے کہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں پولیو مہم یکم ستمبر سے 7 ستمبر تک جاری رہے گی جس کے دوران پانچ سال سے کم عمر 20 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

اس لئے والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے ضرور پلائے تاکہ انہیںعمر بھر کیلئے اپاہج ہونے سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سریاب نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ایک قومی فریضہ ہے اور ضلعی انتظامیہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ اس موقع پر حاجی علی مدد جتک نے بچے کو قطرے پلاکر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔