آزاد کشمیر میں تعلیم کا حصول غریبوں کی پہنچ سے دور کیا جانے لگا،حکومت تماشائی بن گئی

اتوار 31 اگست 2025 12:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء) آزاد جموں کشمیر انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور اور فیڈرل بورڈ کی والدین کو مالی طور پر زیر بار کرنے کی پالیسیاں تسلسل سے جاری، جماعت نہم کے فیل شدہ مضامین / کمپارٹمنٹ کے پیپر دینے کے خواہشمند طلبہ اور سال اول فیڈرل بورڈ اور سال دوئم میرپور بورڈ سے پیپرز میں شامل ہونے کے لیے بھاری فیس کے عوض درخواستیں مانگ لیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد جموں کشمیر انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور اور فیڈرل بورڈ گزشتہ ایک عرصہ سے نونہالان ریاست کے مستقبل کو تاریک کرنے کے علاوہ والدین کو مالی زیر بار کرنے میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔ مختلف تعلیمی اداروں کے ذہین ترین طلبہ کے امتحانات میں پرچوں کے بعد غلط مارکنگ کے حوالے سے متعدد مرتبہ رپورٹیں پرنٹ و دیگر میڈیا پر شائع ہو چکی ہیں اور کئی ایک مرتبہ ایسے بچے جن کے کم نمبر تھے پیپر چیک کروانے کے بعد نمبر زیادہ حاصل کر چکے ہیں یہی حالت وفاقی فیڈرل بورڈ کی بھی ہے ٹھیکوں پر پرچے چیک کروانے کے بعد بورڈ ذہین ترین بچوں کو دوبارہ پیپر دینے اور ری چیکنگ کے نام پر لاکھوں روپے بٹورتے ہیں نمبر چیک کرنے کے بعد جن لوگوں کے نمبر بڑھتے تھے۔

(جاری ہے)

انہیں جمع کروائی گئی رقم واپس مل جاتی تھی مگر اب ایسے بھی نہیں کیا جاتا والدین کی ایک بڑی تعداد نے اعلی عدلیہ سمیت ارباب اختیار وزیراعظم پاکستان و وزیراعظم ازاد کشمیر سے استدعا کی ہے کہ فیڈرل بورڈ اور میرپور بورڈ کے ارباب اختیار کا قبلہ درست کرنے کے لیے کردار ادا کریں اور جو بچے دوبارہ پرچے دینا چاہتے ہیں اور جو ری چیکنگ کروانا چاہتے ہیں ان کی مفت ری چیکنگ اور مفت دوبارہ پیپر لیے جائیں۔