ترکیہ اور پاکستان دو الگ ملک ہیں لیکن قوم ایک ہے،ترکیہ قونصل جنرل

ترکیہ اورپاکستان کے عوام دونوں ممالک کو ایک دوسرے کا گھر سمجھتے ہیں ،جمال سانگو

اتوار 31 اگست 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2025ء)کراچی میں تعینات عوامی جمہوریہ ترکیہ کے قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا ہے کہ ترکیہ اور پاکستان دو الگ ملک ہیں لیکن قوم ایک ہے،ترکیہ اورپاکستان کے عوام دونوں ممالک کو ایک دوسرے کا گھر سمجھتے ہیں ،وہ کراچی جیم خانہ میں اکنامک ڈپلومیسی فورم کے بانی چئیرمین اور پاکستان ترکیہ بزنس فورم کے صدر ڈاکٹر محمد فاروق افضل کی جانب سے عہدے سے سبکدوش ہونے اور ترکی روانہ ہونے سے قبل اپنے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی عشائیے کے موقع پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے،اس موقع پر وزارت خارجہ آفس کے ڈائریکٹر جنرل عرفان سومرو ،یوجی بی کے چئیرمین زبیر موتی والا اورپاکستان ترکی بزنس فورم کے ڈائریکٹراور سی ای اوچودھری شفیق گروپ کاشف شیخ نے بھی خطاب کیا،تقریب میں عمان کے قونصل جنرل انجنئیر سمیع عبداللہ ،عراق کے قونصل جنرل مہر جی جانگ ، قونصل جنرل ملیشیا ہرمن ہرڈیناٹا احمد، جاپان کے ٹریڈ قونصل متسودا، فضل دادا بھائی، اطہر اقبال، مجید عزیز، کلیم فاروقی، جنرل معین الدین حیدر، قاضی اسد عابد، ڈاکٹر عمران جوفا، ابراہیم تواب،طارق سعود، چیئرپرسن کے سی ایف آر نادرا پنجوانی اور دیگر نے شرکت کی،قونصل جنرل نے کہا کہ کراچی میں بہت اچھا وقت گزرا ہے،کراچی کے بارے میں جو منفی پروپیگنڈا کیا جاتا تھا وہ حقیقی طور پر غلط ثابت ہوا ہے،میں کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی گیا ہوںکہیں کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا ہے،اپنی تعیناتی کی مدت کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی ،تجارتی ،ثقافتی اور سماجی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لئے کردار ادا کیا ہے اور کوشش یہی رہی کہ دونوں اسلامی برادر ملکوں کے درمیان باہمی تجارت میں اضافہ ہوا ،انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زیادہ وفود کے تبادلے پر توجہ مرکوز رکھی ہے،انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی قدیم تاریخ ہے ،ہمارے ملک نے ہمیشہ اسلام کا پرچم بلند رکھنے پر کام کیا ہے،انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ خوش اخلاق ملنسار اورمہمان نواز ہیں ،کراچی کے بہن بھائیوں کے ساتھ یاد گاری وقت گزرا ہے ،انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں شہر کراچی میں بہت سے ادارے چل رہے ہیں،ان اداروں کے توسط سے دونوں ملکوں کی ثقافت کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے،میں جو کتاب لکھی ہے اس میں پاکستان اور بھارت پر بہت ریسرچ کی ہے ،پاکستان کی قومی زبان اردو الگ اہمیت کی حامی ہے،میزبان ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت معیشت ثقافت اور سماجی شعبے کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ،جمال سانگو نے کراچی میں موجودگی کے درمیان یہاں لوگوں سے اچھے تعلقات قائم کئے ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ترکیہ نے ہمیشہ پاکستا ن کے موقف کی تائید کی ہے ا ور پاکستان کے ساتھ کڑے وقت میں کھڑا رہا،زبیر موتی والا نے کہاکہ ہمیں پاکستان اور ترکی کے تعلقات پر فخر ہے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط رشتے قائم ہیں،دونوں ملکوں کی عوامایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں،یہاں مختلف شعبوں میں ترکی کے اچھے مواقع ہے،دنوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھنے سے عوام میں خوشحالی آئے گا،عرفان سومرو نے کہا کہ ترکی اور پاکستان مسلم امہ کے اہم ممالک ہیں اور دونوں ملک اہم معاملات میں یکساں نظریات رکھتے ہیں ،جمال سانگو نے کراچی میں اچھا وقت گزارا ان کی کاوش سے ترکی اور پاکستا ن کے درمیان ناصرف تجارت بڑھی ،بلکہ مختلف شعبوں میں ترقی دیکھنے میں آئی،کاشف شیخ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جمال سانگو اگرچہ پاکستان سے روانہ ہورہے ہیں ،لیکن توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں وہ آمدورفت جاری رکھیں گے،تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی قونصل جنرل کو مومنٹو پیش کیا گیا اور مہمانوں کی پر تکلف عشائیے سے تواضع کی گئی۔