سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریکِ آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،راجہ محمد خالد

پیر 1 ستمبر 2025 14:48

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)چیئرمین یوتھ ونگ یورپ وصدر استحکام فورم بیلجیئم راجہ محمد خالد نے تحریک آزادی کے معتبر رہنما سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ سید علی گیلانی عظیم رہنما تھے،مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا اُنہوں نے کہا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ سید علی گیلانی کی عظیم قربانی کو کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے‘‘ آج ساری دنیا کے اندر مقبول ہے۔انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کو کشمیر کی تحریکِ آزادی کے معتبر نام کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اُنہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے عظیم رہنما تھے اور کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت پر پختہ یقین رکھتے تھے اُنہوں نے کہا کہ قید و بند کی تکالیف اور صعوبتیں بھی سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں.ان کا کہنا تھا کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی حقِ خودارادیت کے پرچم کو ہمیشہ بلند رکھا، بنیادی انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد اور غیر متزلزل عزم مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے پورے خطے کا امن و استحکام اور ترقی خطرے میں ہے،مسئلہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قرارداد اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق نکالنا ضروری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا سید علی گیلانی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں اپنی جان دے کر بھارت کا فاشسٹ اور مظلوم چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جبر اور طویل قید بھی انہیں اپنے مشن سے نہیں ہٹا سکی آج کے دن ہم اقوام متحدہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے بھرپور مطالبہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ جموں وکشمیر کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔