قابض حکام نے سرینگرمیں لوگوں کو سید علی گیلانی کی قبرپر جانے سے روک دیا

پیر 1 ستمبر 2025 15:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے آج قائد حریت سید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر سرینگر میں لوگوں کوفاتحہ خوانی کے لیے ان کی قبرپر جانے کی اجازت نہیں دی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں لوگوں کو شہید رہنما کی قبر پر جانے سے روکنے کے لیے بھارتی پیراملٹری فورسزاور پولیس اہلکاروں کو بڑی تعداد میں تعینات کیا گیا تھا اور کسی کو بھی قبرستان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں تھی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور دیگر تنظیموں نے عظیم کشمیری رہنما کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف علاقوں میں تعزیتی اوردعائیہ مجالس کا اہتمام کیا۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی کشمیر کی تاریخ کا ایک سنہری باب ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قائد حریت کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں عظیم مزاحمتی رہنما سید علی گیلانی کی لازوال قربانیوں اور شاندار کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کے لیے شہید قائد کی زندگی بھر کی جدوجہد کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی وہ انسان تھے جو زندگی بھر آزمائشوں اور مشکلات کو برداشت کرنے کے باوجود اپنے نظریے پر ثابت قدم رہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے عظیم مقصد کے لیے ان کی لگن اور ثابت قدمی کشمیریوں کی آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے۔