لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا اسٹار بیٹر بابر اعظم کو پر سکون رہنے کا مشورہ

پیر 1 ستمبر 2025 22:45

لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا اسٹار بیٹر بابر اعظم کو پر سکون رہنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو پرسکون رہنے کا مشورہ دیا۔ایک انٹرویومیں وسیم اکرم نے کہا کہ بابر اعظم ہمارے سپر اسٹار اور دنیا کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں، بابر کو یہی مشورہ دوں گا کہ پٴْرسکون رہیں، دباؤ سے نکلیں، تنقید کو نظر انداز کریں اور یاد رکھیں کہ فارم وقتی ہوتی ہے تاہم کلاس ہمیشہ کے لیے ہے، محنت جاری رکھیں، آپ دوبارہ دنیا کے بہترین بیٹرز میں شمار ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے پاس میچ ونر کی تمام صلاحیتیں اور ٹیلنٹ موجود ہے، اب وقت آگیا کہ وہ اپنی بیٹنگ سے میچز جتوا کر اپنا لوہا منوائیں۔وسیم اکرم نے اپنے کرکٹ کے دنوں میں ٹیم کے اندرونی اختلافات پر بھی کھل کر بات کی، ان دنوں کو یاد کیا جب وہ ساتھی کھلاڑیوں کے درمیان انا پرستی اور جھگڑوں کے ماحول میں پھنس جاتے تھے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ان تنازعات میں بعض اوقات میرے قریبی دوست بھی شامل ہوتے تھے، اٴْس وقت ٹیم نسبتاً نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی اور مناسب رہنمائی و سینئرز کی کمی کے باعث اختلافات کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا تھا۔

وسیم اکرم نے ان جھگڑوں کو اٴْس وقت کی ناپختگی اور کم عمری کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ بعد میں کئی کھلاڑیوں نے اپنی غلطیوں کا اعتراف بھی کیا۔لیجنڈری فاسٹ بولر نے حالیہ دنوں میں اپنے اور بھارت کے اسٹار پیسر جسپریت بمراہ کے درمیان ہونے والے موازنے پر ردِعمل میں کہا کہ اس طرح کے موازنے دراصل میرے لیے یا بمراہ کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے بلکہ یہ صرف سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کے درمیان زیرِ بحث رہتے ہیں۔انہوں نے بمراہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہت شاندار اور متاثرکن بولر ہیں۔پاکستان کے لیجنڈری کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے اپنی زندگی کا ایک دلچسپ واقعہ بھی شیئر کردیا۔