Live Updates

الخدمت کا ناروے کپ جیتنے والی لیاری کی ٹیم کو تعلیم میں مدد دینے کا اعلان

پیر 1 ستمبر 2025 19:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء) انڈر 15ناروے فٹبال انٹرنیشنل کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرکے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی لیاری کی ٹیم،جبکہ اسی ٹورنامنٹ میں آٹھویں نمبر پر آنے والی لڑکیوں کی ٹیم کے اعزاز میں الخدمت کی جانب سے ہیڈ آفس میں خصوصی تقریب وعشائیہ کا اہتمام کیا گیااورانہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ناروے کپ میں دنیا کی37 ممالک کی 152ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔دنوں ٹیموں کے کوچزاور کیپٹن کو الخدمت کی جانب سے یاد گاری شیلڈز دی گئیں جبکہ کھلاڑیوں کو کتب ودیگر تحائف دیے گئے۔اس موقع پر الخدمت نے تمام کھلاڑیوں کی تعلیم کے حوالے سے پر ممکن معاونت کا بھی اعلان کیا۔ تقریب کی صدارت چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کی،جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی اور لیاری کی ٹیم کے کوچ راشد بلوچ نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر منیجر والنٹیر مینجمنٹ اسد قریشی ودیگر ذمہ داران موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں چیف ایگز یکٹو نوید علی بگ نے عالمی کپ جیتنے پر ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ لیاری کے ان بچوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا اور اہل پاکستان کو بھی بتادیا کہ لیاری کے نوجوان سے پیچھے نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فخر کی بات ہے آپ کی وجہ سے لیاری کا مثبت تاثر قائم ہوا ہے،آپ لیاری سے گئے اور آپ نے کھیل کے میدان میں دنیا فتح کی اور پاکستان کا نام روشن کیا،انہوں نے کہا کہ آپ لیاری کے بچوں نے ثابت کردیا ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں اور حوصلہ افزائی کی جائے تو آپ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کوچ کی محنت کی بھی تعریف کی جنہوں ٹیم کی رہنمائی کی اور ٹیم کا کامیابی سے ہم کنار کرنے میں بھرپور جدوجہد کی۔ایگز یکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ آپ اپنی تعلیم کو کبھی نہ چھوڑیں،اعلی ٰ تعلیم حاصل کریں،تعلیم آپ کی زندگی میں نکھار پیدا کرتی ہے اور آپ کو بڑا انسان بنانے کے ساتھ آپ کو آگے بڑھاتی ہے۔اس کیلئے الخدمت آپ سے ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے،ہم تعلیم کے حصول لئے آپ سے تعاون کریں گے۔

انہوں نے لیاری کی ٹیم کو مبارکباد دی اور لڑکیوں کی ٹیم کو آٹھویں پوزیشن حاصل کرنے پر انہیں مبارکباد پیش کی۔کوچ راشد بلوچ نے کہا کہ الخدمت کا تعاون ہمارے ساتھ نہ ہوتا تو ہمارا یہ سفر ممکن نہیں ہوپاتا۔الخدمت پاکستان ہو یا الخدمت یورپ ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ناروے میں یہ ٹورنامنٹ کھیلنے میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت سیلاب کے دن ہوں یا بارشوں کے،رمضان کے دن ہوں یا عام ایام لوگوں کی گلی محلوں میں مدد کرتی نظر آتی ہے،انسانیت کی خدمت کیلئے الخدمت کے کام ناقابل فراموش ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات