سردار گل خنداں کی خدمات کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے،سردار محمد اسرائیل قاضی

منگل 2 ستمبر 2025 18:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار محمد اسرائیل قاضی نے کہا کہ الحاج سردار گل خنداں کی برسی پر خراجِ تحسین،آج ہم اُس عظیم شخصیت کو یاد کر رہے ہیں جنہوں نے اپنی پوری زندگی عوامی خدمت، اصولی سیاست اور سماجی بہبود کے لیے وقف کر دی۔ سردار گل خنداں نہ صرف ایک مخلص رہنما تھے بلکہ ایک ایسے بزرگ سیاسی رہنما تھے جن کے ساتھ گزرا میرا دس سالہ سیاسی سفر میرے لیے مشعلِ راہ ہے۔

(جاری ہے)

گو کے بہت ساری چیزوں پر ہمیں آپس میں سخت اختلاف رائے رہا اور وہ ہم نے کھل کر اس کا اظہار بھی کیا جو کہ جمہوریت کا حسن ہے۔ان کی رہنمائی، سیاسی بصیرت، عوامی مسائل سے لگاؤ اور جدوجہد نے مجھے سیاست کے ہر موڑ پر استقامت، حوصلہ اور اصولوں پر قائم رہنے کا درس دیا۔ وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر ہمیشہ اجتماعی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔سردار گل خنداں کی جملہ خدمات کو ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ ان کی یادیں، ان کا کردار اور ان کی قربانیاں ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ برسی کے اس موقع پر میں انہیں دلی خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔