Live Updates

دنیا اب بھارت کے اصل چہرے کو پہچان چکی ہے ،راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ

قوم کے نوجوانوں کو آگے بڑھ کرسیلاب سے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا

منگل 2 ستمبر 2025 18:05

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)راجہ سجاد احمد خان ایڈووکیٹ نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور بغیر پیشگی اطلاع کے سپل ویز کھولنے اور پانی چھوڑنے کے عمل کو کھلی آبی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے،انہوں نے بھارت کی جانب سے اس مذموم اقدام کو معصوم شہری آبادی کو ڈبونے کی دانستہ سازش بھی قرار دیا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے تحت طے شدہ ضابطوں کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر پانی چھوڑا، اس عمل سے پاکستان کے متعدد علاقوں میں شدید سیلاب آیا جس کے نتیجے میں کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور بنیادی ڈھانچے کو وسیع پیمانے پر نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ بھارت نے بروقت اطلاع فراہم کی ہوتی تو پاکستان حفاظتی اقدامات اٹھا کر بھاری جانی و مالی نقصان سے بچ سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھارتی رویہ نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ خطے کے امن و استحکام کے لئے بھی خطرہ ہے،مودی حکومت داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے پاکستان کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہے تاہم دنیا اب بھارت کے اصل چہرے کو پہچان چکی ہے اور اس کی جارحانہ پالیسیوں سے آگاہ ہو چکی ہے۔

ہم اس کٹھن وقت میں سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، قوم کے نوجوانوں کو آگے بڑھ کر متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا متاثرین کی مدد اور بحالی ایک قومی فریضہ ہے اور پاکستانی قوم نے ہمیشہ آزمائش کی گھڑی میں ایثار، قربانی اور اتحاد کی عظیم مثالیں قائم کی ہیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات