Live Updates

پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں روکنے میں وزیراعلی مریم نواز کی حکمت عملی نے کلیدی کردار ادا کیا‘ محمد علی میاں

منگل 2 ستمبر 2025 16:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق ایڈوائزر محمد علی میاں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی بہترین حکمت عملی، بروقت اقدامات اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت صوبہ پنجاب کو حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے وسیع پیمانے پر محفوظ بنایا۔

محمد علی میاں نے کہا کہ جہاں ملک کے دیگر صوبے سیلاب کی بدترین تباہ کاریوں کا شکار ہوئے ہیں اور سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں اور مال و متاع ضائع ہو گیا ہے، وہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے ذاتی طور پر میدان میں رہ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں کے دورے کیے، انتظامیہ کو فعال کردار ادا کرنے کی ہدایات دیں اور امدادی کاموں کی خود نگرانی کی۔

(جاری ہے)

ان کے اس بروقت اور عملی کردار کی بدولت پنجاب میں سینکڑوں انسانی جانیں، لاکھوں کی تعداد میں مال مویشی اور دیہات و بستیوں کو برباد ہونے سے بچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اطمینان بخش امر ہے کہ جو علاقے جزوی طور پر سیلاب سے متاثر ہوئے، وہاں بھی حکومتی مشینری متحرک ہے اور ادویات، خوراک، صاف پانی اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی تیزی سے جاری ہے۔

اس عمل نے نہ صرف متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا بلکہ عوام میں یہ اعتماد بھی پیدا کیا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔محمد علی میاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ طرزِ عمل اٴْن کی عوام دوستی اور خدمتِ خلق کے جذبے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عملی طور پر ثابت کیا ہے کہ وہ صرف ایوانِ اقتدار تک محدود نہیں رہتیں بلکہ عوام کے دکھ درد میں برابر شریک ہیں۔

ان کی یہ قیادت ہمارے صوبے کے لیے باعثِ فخر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا ہے کہ اچھی حکمت عملی، بہتر منصوبہ بندی اور مضبوط قیادت کے ساتھ کسی بھی قدرتی آفت کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔محمد علی میاں نے کہا کہ آج پنجاب نہ صرف سیلاب جیسے چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ رہا ہے بلکہ معاشی و تجارتی محاذ پر بھی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور عالمی سطح پر اپنی ایک منفرد پہچان بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبے کی سمت درست ہے اور اگر اسی طرح کے اقدامات جاری رہے تو پنجاب پاکستان کی مجموعی ترقی اور استحکام میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات