Live Updates

جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی ساتویں روز کی پرنور محفل گورنر ہاؤس میں منعقد

منگل 2 ستمبر 2025 16:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے زیر اہتمام 1500 ویں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی ساتویں روز کی پرنور محفل گورنر ہاؤس میں روحانی فضاؤں کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، علما کرام اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار سمیت متعدد سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔

معروف نعت خواں الحاج صدیق اسماعیل، اسد ایوب، ارشد سہروردی، ماسٹر سمیر، دانیال شیخ اور دیگر نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے جبکہ مفتی محمد سہیل رضا امجدی نے سیرتِ طیبہ ﷺپر جامع اور مؤثر بیان پیش کیا۔گورنر سندھ نے محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصب اللہ تعالیٰ کی عطا ہے اور ان کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صاحبِ ثروت افراد زکوٰةکی مکمل ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ سیلاب متاثرین اور دیگر ضرورت مندوں کی بروقت مدد ہوسکے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ معاشرے سے بغض و کینہ ختم کرکے محبت و اخوت کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ ہمیں ایسے وسائل عطا کرے کہ ہم عوام کے مسائل حل کرسکیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ"جو وعدہ بھی عوام سے کیا،اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے ہمیشہ پورا کرایا"۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ "جو وعدہ بھی عوام سے کیا، اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے ہمیشہ پورا کرایا ہے۔

" انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ وفا کرتے ہوئے عمرہ کے ٹکٹ کے لیے مردوں اور خواتین کی علیحدہ علیحدہ قرعہ اندازی کا اہتمام کیا گیا ہے تاکہ خواتین کو بھی برابر کا موقع میسر آ سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جب تک ہم خود کو درست نہیں کریں گے منزل تک پہنچنے میں دیر لگے گی۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ کسی کو نہیں معلوم اللہ کا ولی کون ہے، لہٰذا ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ بھلائی اور نیک نیتی کے ساتھ جینا چاہئے۔تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی خوش نصیب شرکاء محترمہ خورشید یامین اور ایوب نور محمد کو عمرہ کے ٹکٹ بھی دیے گئے، جس پر حاضرین نے گورنر سندھ کے اقدام کو سراہا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات