تربت یونیورسٹی کے طلبہ نے نمایاں اداروں میں انٹرن شپس کامیابی سے مکمل کرلیں

منگل 2 ستمبر 2025 18:00

تربت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2025ء)یونیورسٹی آف تربت کے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے طلبہ و طالبات نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران پاکستان کے مختلف نمایاں اداروں میں چھ ہفتے پر مشتمل انٹرن شپس پروگرام کامیابی کے ساتھ مکمل کیں۔ ان اداروں میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بلوچستان ریونیو اتھارٹی، چمن ڈرائی فروٹس اور ڈارسن سیکیورٹیز کراچی شامل ہیں۔

طلبہ کو عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے پر فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس نے ان اداروں کا دلی شکریہ ادا کیا۔ ڈین فیکلٹی سمیت مینجمنٹ سائنسز، اکنامکس اور کامرس ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے ان اداروں کے تربت یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی انٹرن شپس پروگرام طلبہ کو پیشہ ورانہ ماحول، عملی کاروباری اور انتظامی اصولوں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ مزید سرکاری و نجی ادارے بھی طلبہ کو ایسے مواقع فراہم کریں گے۔ڈین فیکلٹی نیشعبہ مینجمنٹ سائنسز کے سابق چیئرمین نوروز خان، فوکل پرسن برائے انٹرن شپ پروگرام عطیہ اور ڈاکٹر غلام جان کی کاوشوں کو بھی سراہا جنہوں نے طلبہ کے لیے انٹرن شپس کے انتظامات کوحتمی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے کہا کہ ہم یونیورسٹی اورصنعتی اداروں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو انٹرن شپس، کاروباری اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ تربت یونیورسٹی تعلیمی رہنمائی کے ساتھ ساتھ طلبہ کی شخصیت سازی، فکری ارتقاء اورمثبت سماجی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت کویقینی بنانے کے لئے بھرپوراقدامات اٹھارہی ہے تاکہ وہ قومی یکجہتی، خود اعتمادی اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر ذمہ دار اور فعال شہری کے طور پر معاشرے کی خدمت کر سکیں۔