کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے بھارت کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے ،سردار عامر الطاف خان

سید علی گیلانی کشمیری عوام کی جرات و حریت کی علامت تھے ان کا مشن جاری رہے گا، آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا، تقریب سے خطاب

بدھ 3 ستمبر 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن و سینئر مرکزی رہنما سردار عامر الطاف خان نے کہا ہے کہ کشمیر صرف کشمیریوں کا ہے اور اب بھارت کے ظلم جبر اور غاصبانہ تسلط کے خلاف کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہو چکا ہے کشمیری عوام نے دہائیوں سے قربانیاں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ آزادی کے لیے پرعزم ہیں اور پاکستان سے ان کی محبت ناقابلِ شکست ہے۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عامر الطاف خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں کشمیری مرد و خواتین بزرگ بچے اور نوجوان آج بھی اپنے حقِ خودارادیت کے لیے میدان میں موجود ہیں بھارت نے طاقت بندوق اور کالے قوانین کے ذریعے کشمیری عوام کو دبانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر اس کے تمام حربے ناکام ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے دل آج بھی پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں بھارت دنیا کو گمراہ کرنے کے لیے ترقی اور امن کے نام پر جھوٹا بیانیہ پیش کرتا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کشمیری عوام آج بھی بھارتی فوج کے محاصرے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

سردار عامر الطاف نے مرحوم حریت رہنما سید علی گیلانی کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر کی ایک نڈر بااصول اور جاندار آواز تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی جدوجہدِ آزادی کے لیے وقف کر دی ان کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیری نوجوانوں کے دلوں میں زندہ ہے اور یہ نعرہ پاکستان اور کشمیر کے درمیان ایک ناقابلِ شکست رشتہ بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی جدوجہدقربانی اور اصولوں کی اعلیٰ مثال ہے بھارتی مظالم قید و بند نظر بندی اور ظلم کے باوجود وہ کبھی پیچھے نہ ہٹے اور نہ ہی باطل کے آگے جھکے وہ کشمیری عوام کے لیے ایک مشعلِ راہ تھے اور ان کا مشن اب ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سردار عامر الطاف نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیری نوجوانوں کو شعور دیا نوجوان نسل کو بیدار کیا جذبہ حریت دیا انہیں حریت حق خودارادیت اور اسلامی شناخت کا احساس دلایا ان کی قیادت میں کشمیر کی تحریکِ آزادی نے نئی روح پائی انہوں نے نوجوانوں کو باطل کے خلاف کھڑا ہونے قربانی دینے اور سچ بولنے کا حوصلہ دیا آج بھی مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں نوجوان سید علی گیلانی کے افکار سے متاثر ہو کر جدوجہدِ آزادی کا حصہ بن چکے ہیں۔

وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن نے کہا کشمیر کی آزادی اب دور نہیں پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے کو ہے بھارت کے ظلم و ستم فوجی محاصروں میڈیا بلیک آؤٹ اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا انجام قریب ہے پاکستان عالمی فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا، اور ہم سید علی گیلانی کے مشن کو ہر سطح پر جاری رکھیں گے سید علی گیلانی کی جدوجہد ایک تاریخی ورثہ ہے اور پاکستان کی سیاسی قیادت اس مشن کو زندہ رکھنے کے لیے پرعزم ہے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی جلد ہی کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔