Live Updates

آئی سی سی کی نئی رینکنگ، سکندر رضا نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے

ٹی20 بیٹنگ اور باؤلنگ رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 10 میں شامل نہیں قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی 3 درجے اور محمد رضوان کی 2 درجے تنزلی ہوئی ہے دونوں بالترتیب 21 ویں اور 22 ویں نمبر پر ہیں

بدھ 3 ستمبر 2025 19:10

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کردی جس میں زمبابوین کھلاڑی سکندر رضا نمبر ون آل راؤنڈر بن گئے۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کردی ٹی20 رینکنگ میں شارجہ میں جاری سہ فریقی سیریز میں شامل کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں جبکہ ٹی20 بیٹنگ اور باؤلنگ رینکنگ میں کوئی پاکستانی ٹاپ 10 میں شامل نہیں ہے۔

افغانستان کے اوپننگ بلے باز ابراہیم زدران 12 درجے ترقی پاکر 20ویں نمبر پر آگئے ہیں، یو اے ای کے کپتان محمد وسیم 5 درجے ترقی کے بعد 26ویں پوزیشن پر ہیں، پاکستان کے حسن نواز 2 درجے بہتری کے بعد 32ویں اور صائم ایوب 2 درجے تنزلی کے بعد 40ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔ٹی20 رینکنگ میں قومی ٹی20 کپتان سلمان علی آغا نے لمبی چھلانگ لگائی ہے وہ 18درجے بہتری کے بعد 59 ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ باؤلنگ میں صفیان مقیم 11 درجے لمبی چھلانگ کے بعد 22ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہین آفریدی 8 درجے بہتری کے بعد 26 ویں، حارث رؤف 4 درجے تنزلی کے بعد 28ویں اور محمد نواز 15 درجے کی بہتری کے بعد 43ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔افغانستان کے محمد نبی 26 درجے کی بہتری کے بعد 54ویں نمبر پر آگئے ہیں جب کہ نور احمد 49 درجے کی چھلانگ کے بعد 73ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔دوسری جانب قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم کی 3 درجے اور محمد رضوان کی 2 درجے تنزلی ہوئی ہے دونوں بالترتیب 21 ویں اور 22 ویں نمبر پر ہیں۔

ٹی20 آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے اور افغانستان کے محمد نبی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔بیٹرز کی رینکنگ میں شبمن گل کی پہلی پوزیشن برقرار جبکہ باؤلرز میں جنوبی افریقہ کے کیشو مہاراج کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔سکندر رضا کو سری لنکا کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا صلہ مل گیا، انہوں نے افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی سے آل راؤنڈر کی پہلی پوزیشن چھین لی۔افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے اور افغانستان کے محمد نبی ایک درجہ تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر چلے گئے۔سکندر رضا ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں نو درجے ترقی پاکر 22ویں اور بولنگ میں ایک درجے ترقی سے 38ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
Live ایشیاء کپ سے متعلق تازہ ترین معلومات