کوئٹہ ،سیاسی رہنمائوں ،کارکنوں پر دہشت گردوں کا حملہ ملک کو غیرمستحکم کرنے ،عوام میں خوف پھیلانے کی سازش تھی،میر عبیداللہ گورگیج

بدھ 3 ستمبر 2025 19:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں سیاسی رہنماوں اور کارکنوں پر دہشت گردوں کا حملہ دراصل ملک کو غیرمستحکم کرنے اور عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی گھناؤنی سازش تھی مگر ملک دشمن عناصر اپنے مذموم اور ناپاک عزائم میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوگے ۔

یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے کے بعد خود کش دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے موقع پر زخمیوں اورانکے اہل خانہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر پی پی پی کے مرکزی رہنما ثناء اللہ جتک اوردیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔رکن صوبائی اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق رکن بلوچستان اسمبلی ثناء بلوچ اوردیگرقائدین سے بھی سول ہسپتال میں ملاقات کی اورزخمیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔

(جاری ہے)

رکن اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ معصوم شہریوں اورسیاسی کارکنوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابلِ افسوس اور ناقابلِ قبول عمل ہے ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور صوبائی حکومت دھماکے میں شہید اورزخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دہشتگردوں اورانکے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے گی ۔انہوں نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو زخمیوں کو علاج معالجے کیلئے سرکاری خرچ پر دوسرے صوبوں کے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے گا۔