بیوی کو گہری رنگت کی بنیاد پر زندہ جلانے والے شوہر کو سزائے موت سنادی گئی

افسوسناک واقعہ 8 سال قبل 24 جون 2017 کی رات پیش آیا تھا جب کشن داس نے اپنی اہلیہ لکشمی کو زندہ جلادیا تھا

بدھ 3 ستمبر 2025 19:25

دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)بھارت میں بیوی کو گہری رنگت کی بنیاد پر زندہ جلانے والے شوہر کو سزائے موت سنادی گئی۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر ادے پور کی عدالت نے کشن داس نامی مجرم کو اپنی بیوی کو گہری رنگت کی وجہ سے زندہ جلانے کے جرم میں سزائے موت سنائی۔ رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعہ 8 سال قبل 24 جون 2017 کی رات پیش آیا جب کشن داس نے اپنی اہلیہ لکشمی کو زندہ جلادیا تھا، موت سے قبل لکشمی نے پولیس، ڈاکٹروں اور ایگزیکٹو مجسٹریٹ کو قلمبند کروائے گئے بیانات میں بتایا تھا کہ اس کا شوہر کشن داس اسے کالی رنگت کی وجہ مسلسل طعنے دیتا تھا۔

لکشمی کے بیان کے مطابق کشن داس سے اس کی شادی 2016 میں ہوئی تھی، شادی کے بعد سے اس کا شوہر اسے کالی کہہ کر پکارتا تھا جس رات لکشمی کی موت ہوئی اس رات کشن داس نے ایک بوتل میں بھورے رنگ کا محلول لاکر اسے دیا تھا، اس نے لکشمی کو بتایا تھا کہ یہ دوا اس کی جلد کو خوبصورت بنادے گی۔

(جاری ہے)

لکشمی کی جانب سے پولیس کو بتایا گیا تھا کہ جب اس نے یہ محلول جسم پر لگایا تو اس کا جسم جلنے لگا جس کے بعد کشن داس نے مزید لیکوئیڈ اس پر جھڑک کر اسے زندہ جلاڈالا اور بھاگ نکلا۔بعد ازاں کشن داس کے والدین اور بہن لکشمی کو ہسپتال لے گئے جہاں اس کی موت واقع ہوگئی۔عدالت نے کشن داس کے جرم کو انسانیت کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے سزائے موت سنائی۔