مقبوضہ جموںوکشمیر ،لینڈ سلائیڈنگ اور بارشوں نے تباہی مچا دی، سری نگر جموں شاہراہ بدستور بند، ہزاروں افراد متاثر، مکانات تباہ، سکول بند

جمعرات 4 ستمبر 2025 11:24

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں وادی کشمیر کو بیرونی دنیا سے ملانے والا واحد زمینی راستہ سری نگر جموں شاہراہ مسلسل بارشوںاور بڑے پیمانے پر لینڈ سلائیڈنگ کیوجہ سے مسلسل بند ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے ادھم پور اور رام بن کے درمیان شاہراہ کے کئی حصوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔

حکام نے بتایا کہ تھرڈ علاقے میں ایک بڑی پہاڑی مسلسل پھسل رہی ہے، اس کے ساتھ شاہراہ بھی دھنس رہی ہے۔ نگروٹا جموں سے رامبن، بانہال اور سری نگر کی طرف کسی بھی گاڑی کو جانے کی اجازت نہیں ہے، جس سے ہزاروں مسافر اور مال بردار ٹرک پھنسے ہوئے ہیں۔ متواتر بارشوں نے ضلع رام بن میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے،کم از کم 158 مکانات کو نقصان پہنچا ہے، 12 مکان مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

کھاری، رامسو اور میترا کے لوگوں نے کہا کہ دریائے چناب کے سیلانی پانی سے رہائشی علاقوں، مدارس اور مساجد کو شدید خطرات لاحق ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکام حفاظتی پشتوں کو مضبوط کرنے میں غفلت برت رہے ہیں۔خراب موسمی صورتحال کی وجہ سے جموں و کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ یونیورسٹیوں اور اسکولوں نے امتحانات ملتوی کردیئے ہیں۔جموں خطے اور وادی کشمیر کے جنوبی علاقے میں کئی تعلیمی اداروںکی عمارتیں زیر آب آگئی ہیں ۔