فیصل آباد میں غیر ملکی شہری صنعتی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں جن کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا گیا ہے،بشریٰ جمیل

جمعرات 4 ستمبر 2025 13:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2025ء) ایس ایس پی آپریشن بشری جمیل نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں غیر ملکی شہری پاکستان کی صنعتی ترقی میں بھر پور کردار ادا کر رہے ہیں جن کی حفاظت کیلئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا گیا ہے اوراب اس یونٹ کی نفری کودوگنا کیا جا رہا ہے۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے دورہ کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پولیس امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ ابھی مکمل نہیں ہواتاہم اس کی تکمیل سے جرائم پر قابو میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو کاروبار شروع کرنے کی طرف راغب کرنا چاہیے۔ جب نوجوان نسل تعمیری سرگرمیوں میں حصہ لے گی اور امن وامان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔

(جاری ہے)

پولیس کے رویے بارے انہوں نے کہا کہ معاشرتی حالات پوری سوسائٹی پر اثرات مرتب کرتے ہیں اور پولیس بھی ان میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس کی تربیت کیلئے فوری اقدامات اٹھائے گئے ہیں جبکہ بین الاقوامی تنظیموں سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے شہر کی جامع ترقی اور بہتری کیلئے سرکاری اداروں سے فیصل آباد چیمبر کے تعاون کو بھی سراہا اور یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس سے قبل ایس ایس پی آپریشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے امن وامان کی بحالی ناگزیر ہے اور اس سلسلہ میں چوری اور راہزنی سمیت دیگر جرائم کے سدباب کیلئے منظم اور مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کینال ایکسپریس وے پربڑھتی ہوئی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیاہے کہ یہاں پولیس کے گشت کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹس میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کی حفاظت پر پر بھی زور دیا اور کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنا کے زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری حاصل کی جا سکتی ہے۔

انہوں نے سیف سٹی پراجیکٹ کا ذکر کیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے سابق صدور نے اس منصوبے پر خصوصی توجہ دی جبکہ اب اس کا دائرہ کار ان صنعتی علاقوں، سکولوں اور شادی ہالز تک بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سوال و جواب کی نشست میں ایگزیکٹو ممبر عمر فاروق کاہلوں، طارق محمود قادری، ایوب اسلم منج اور شیخ محمد آصف نے حصہ لیا۔سابق صدرچیمبر میاں محمد جاوید اقبال نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے ایس ایس پی آپریشن محترمہ بشری جمیل کو شیلڈ پیش کی۔اس موقع پر سینئر نائب صدر قیصر شمس گچھا بھی موجود تھے۔