Live Updates

عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی کورکمانڈرہاﺅس حملہ کیس میں درخواست ضمانت منظور

انسداد دہشت گردی عدالت لاہورمیں علیمہ خان کے بیٹے کی درخواست پر سماعت‘ جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنایا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 4 ستمبر 2025 13:57

عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی کورکمانڈرہاﺅس حملہ کیس میں درخواست ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04 ستمبر ۔2025 )انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے علیمہ خان کے دوسرے بیٹے شیر شاہ کی بھی کورکمانڈرہاﺅس حملہ کیس میں درخواست ضمانت منظور کرلی ہے نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کورکمانڈرہاﺅس کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے دوسرے بھانجے شیر شاہ کی ضمانت بھی منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے.

(جاری ہے)

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے محفوظ فیصلہ سنایا، پولیس نے کورکمانڈرہاﺅس کیس میں شیر شاہ کو گرفتار کیا تھا عمران خان کے بھانجے شیر شاہ کی کور کمانڈر ہاﺅس کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، اس دوران شیر شاہ کی جانب سے رانا مدثر عمر ایڈوکیٹ نے دلائل دیے وکیل رانا مدثر نے عدالت کو بتایا کہ اس مقدمہ میں ابھی تک ملزم کی حد تک چالان نہیں آیا، ٹرائل نہ جانے کب شروع ہو لہذا لامحدود وقت تک ملزم کو قید نہیں رکھا جاسکتا.

ان کا کہنا تھا کہ شیر شاہ کے خلاف پولیس فائل پر کوئی بیان موجود نہیں ہے، 28 ماہ تک گرفتاری نہیں کی گئی اچانک گرفتار کر لیا گیا، عمران خان کی فیملی ہونے کے باعث انتقامی کاروائیاں کی جا رہی ہیں. شیر شاہ کے وکیل نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ریکارڈ پر کوئی ثبوت نہیں ہے اور ملزم کسی ہنگامہ آرائی میں بھی ملوث نہیں ہے جب کہ ایسے ملزمان جن پر شیر شاہ سے زیادہ سنگین الزامات تھے انہیں ضمانت دے دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ شیر شاہ سے ڈنڈے کی پلانٹڈ ریکوری کرائی گئی، شریک ملزم کے بیان کی روشنی میں گرفتاری پر یہ عدالت ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کر چکی ہے، اس مقدمے گرفتار تمام ملزمان کی ضمانت منظور ہو چکی ہے.

وکیل رانا مدثر نے عدالت کو بتایا کہ شیرشاہ پر ایسا کوئی الزام نہیں کہ اس نے توڑ پھوڑ کی ہو ، صرف ایک ملزم کی نشاندہی پر کسی دوسرے کو ملوث نہیں کیا جاسکتا انہوں نے اے ٹی سی لاہور سے استدعا کی کہ عدالت شیر شاہ کی ضمانت منظور کر کے رہا کرنے کا حکم دے جس پر لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے کورکمانڈرہاﺅس کیس میں شیر شاہ کی ضمانت منظور کر لی، عدالت نے ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی. خیال رہے کہ گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز خان کی کورکمانڈرہاﺅس حملہ کیس میں درخواست ضمانت منظور کی تھی اور ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا. 
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات