پنجاب کا وفد منتہی اشرف کی قیادت میں بیجنگ میں دوطرفہ سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے سرگرم

سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ عمران خاور اورسرمایہ کاری کے ماہرین کی ٹیم وفد میں شامل کانفرنس میں وفاقی وزرا ء محسن نقوی، عطا تارڑ، علی پرویز ملک ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور اعلی حکام کی شرکت

جمعہ 5 ستمبر 2025 02:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری اور تجارت کا اعلی سطح کا وفد شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس اور دوسری پاکستان،چین کاروباری سرمایہ کاری کانفرنس میں شریک ہوا۔ وفد کی قیادت چیئرمین پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری اور تجارت محمد منتہا اشرف نے کی، وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران خاور اور سرمایہ کاری کے ماہرین کی ٹیم شامل تھی۔

اس اہم کانفرنس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلی حکام بھی شریک ہوئے اور انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں کی۔

(جاری ہے)

اس کانفرنس میں پاکستان اور چین کے 800 سے زائد اہم افراد اور سرمایہ کار شریک تھے، جو پاک چین اقتصادی تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔

اس دوران تجارتی تعلقات مضبوط کرنے، ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کرنے اور پائیدار ترقی کے لیے نئے طریقہ کار وضع کرنے پر بات ہوئی۔ چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ محمد منتہا اشرف نے کہا کہ چین کی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبے پاکستان کی اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع اور طویل مدتی خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔توانائی کے قابل تجدید ذرائع، الیکٹرانکس، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی ترقی کے شعبوں میں سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور وسیع تر صلاحیتوں سے پنجاب میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

اجلاس اور کاروباری مذاکرات نے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ ان کا کہناتھا کہ پنجاب بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے ایک ہی چھت تلے تمام خدمات فراہم کرنے کی راہ ہموار کر چکا ہے ۔