وینزویلا کے دو جنگی طیاروں کی امریکی بحری جہاز کے قریب پرواز، پینٹاگون کا ردعمل

جمعہ 5 ستمبر 2025 09:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے وینزویلا کے دو جنگی طیاروں کی بین الاقوامی پانیوں میں موجود امریکی بحری جہاز کے قریب پرواز کو انتہائی اشتعال انگیز اقدام قرار دیا ہے ۔ شنہوا کے مطا بق پینٹاگون نے جاری بیان میں کہا کہ آج وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے تحت دو فوجی طیارے ایک امریکی بحری جہاز کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں پرواز کرتے دیکھے گئے۔

یہ اقدام واضح طور پر امریکی انسداد منشیات اور انسداد دہشت گردی آپریشنز میں مداخلت کی کوشش تھا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ وینزویلا میں موجود کارٹیل کو سختی سے خبردار کیا جاتا ہے کہ وہ امریکی فوج کی انسداد منشیات و انسداد دہشت گردی کارروائیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ یا مداخلت نہ کرے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امریکی فوج نے ایک آپریشن کے دوران وینزویلا کے بدنام زمانہ "ٹرین دے آراگوا" منشیات کارٹیل کے 11 ارکان کو ہلاک کیا ہے۔

ٹرمپ نے وینزویلا کی حکومت پر الزام لگایا تھا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کر رہی۔واشنگٹن کی جانب سے وینزویلا کے صدر مادورو پر بدنام کارٹیل "کارٹیل دے لوس سولیس" سے تعلق کا بھی الزام لگایا جا رہا ہے، جسے کاراکاس حکومت سختی سے مسترد کرتی ہے۔