بھارتی عدلیہ انصاف کی فراہمی کی بجائے سیاسی بنیادوں پر فیصلے کر رہی ہے، ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی

جمعہ 5 ستمبر 2025 12:34

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین شبیر احمد شاہ کی ضمانت کی درخواست مسترد کرنے کی مذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی سپریم کورٹ نے جمعرات کو شبیر احمد شاہ کو بدنام زمانہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی طرف سے دائر ایک مقدمے میں ان کی صحت کی خرابی کے باوجود عبوری ضمانت دینے سے انکار کر دیاتھا۔

اپنی غیر قانونی نظربندی کے خلاف شبیر شاہ کی درخواست پر این آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے،بھارتی سپریم کورٹ نے طبی بنیاد پر فوری ریلیف کی فراہمی کی اپیل کو نظر انداز کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری بیان میں بھارتی عدلیہ پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ انصاف کی فراہمی کی بجائے سیاسی بنیادوں پر فیصلے کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ کو 1968سے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت دائر کئے گئے مقدمے میں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔ ان الزامات کو کسی عدالت میں آج تک ثابت نہیں کیاجاسکا ہے ۔جھوٹے الزامات کے تحت وہ نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں گزشتہ 8 سال سے غیر قانونی طورپر نظربند ہیں ۔ڈی ایف پی کے ترجمان نے کہا کہ کشمیری سیاسی قیدیوں کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کے لئے ضمانت سے انکار کوایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شبیر شاہ اور دیگر حریت رہنمائوں کو تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی حمایت کرنے اور مظلوم کشمیری عوام کی آواز بلند کرنے پر سزا دی جا رہی ہے۔ انہوں نے شبیر شاہ کے غیر متزلزل عزم اور ثابت قدمی کوسراہتے ہوئے کہا کہ اپنے سیاسی عقائد کی وجہ سے شبیر شاہ زندگی کانصف سے زیادہ حصہ جیل میں گزارا ہے۔ پارٹی نے شبیر شاہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ ان کی رہائی کے لئے بھارت پر دبائو بڑھائیں ۔

ترجمان نے بھارت کو خبردار کیاکہ اس طرح کے جابرانہ اقدامات سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ ڈی ایف پی نے آزادی پسند رہنما مشتاق احمد زرگر سے سرینگر میں ان کے بڑے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔