Live Updates

ملتان،شیرشاہ بند پر پانی کا دباؤ اور بہاؤ انتہائی بلند سطح پر برقرار

پانی کی انتہائی بلند سطح کا مسلسل برقرار رہنا خطرناک ہے اور متاثرین کے گھر گرنے کے خدشات ہیں۔مزید ریلے پاکستان آئیں گے، محکمہ انہار

جمعہ 5 ستمبر 2025 14:56

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)ملتان میں شیر شاہ بند پر پانی کا دباؤ اور بہاو انتہائی بلند سطح پر برقرار رہی ،24 گھنٹے سے پانی 394 فٴْٹ کی انتہائی سطح پر موجود رہا۔شیر شاہ بند سے ملحقہ درجنوں بستیاں مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں ،شجاع آباد کینال میں بھی پانی کی انتہائی بلند سطح برقرار رہی۔محکمہ انہار کے مطابق پانی کی انتہائی بلند سطح کا مسلسل برقرار رہنا خطرناک ہے اور متاثرین کے گھر گرنے کے خدشات ہیں۔

مزید ریلے پاکستان آئیں گے۔

(جاری ہے)

ادھر شیر شاہ ٹول پلازا کی سڑک پر سیلابی پانی آگیا جس کے سبب ملتان مظفرگڑھ روڈ کی ایک سائیڈ بند کردی گئی ہے۔ پانی روکنے کے لیے پتھر اور مٹی سے عارضی رکاوٹ بھی قائم کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق بستی گاگراں کے زمیندارہ بند کے علاوہ کوئی بند ٹوٹنے کی اطلاع نہیں ملی جبکہ ہیڈ محمد والا روڈ اور شیر شاہ بند کو توڑنے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔موجودہ صورتحال کے باعث شہریوں کے سیلابی پانی سے انخلاء کا سلسلہ بھی مزید تیز کردیا گیا ہے۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں کے دسویں اسپیل کا الرٹ بھی جاری کردیا پی ڈی ایم اے کے مطابق ہفتہ سے 9 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں طوفانی بارشوں کی پیشگوئی ہے۔

Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات