Live Updates

پانی کو محفوظ کرنے کیلئے مشاورت کے ساتھ ڈیم تعمیر کرنے چاہئیں، داس کوہستانی

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ پانی کو محفوظ کرنے کیلئے مشاورت کے ساتھ ڈیم تعمیر کرنے چاہئیں، پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد جس طرح وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کر رہی ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ سیلاب متاثرین کی مل کر مدد کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیم بنانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین سے واپس آ گئے ہیں اور چاروں وزراء اعلیٰ سمیت دیگر شراکت داروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متنازعہ چیزوں کو موضوع بحث نہیں لانا چاہئے، صرف وہ ڈیم بننے چاہئیں جس پر تمام صوبوں اور سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہو۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دینے پر مسلح افواج کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس طرح ہماری افواج نے ملک کا دفاع کیا ہے قوم ان کی مشکور ہے اور آئندہ بھی اگر کسی دشمن نے ملک کو میلی آنکھ سے دیکھا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات