چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد

جمعہ 5 ستمبر 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پوری امتِ مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت ایک عظیم الشان اور پرمسرت دن ہے جو نہ صرف رحمت و برکت کا پیغام لاتا ہے بلکہ ہمیں یہ عہد تازہ کرنے کا موقع بھی دیتا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی کو حضور اکرم ﷺ کی سیرت و تعلیمات کے مطابق ڈھالیں۔

جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ حضرت محمد ﷺ کی ذاتِ اقدس بنی نوع انسان کے لئے سراپا رحمت اور مکمل ہدایت ہے، نبی کریم ﷺ نے صبر، برداشت، عاجزی، عدل، رواداری، محبت، بھائی چارے اور امن کا درس دیا، آج امت مسلمہ کو درپیش مسائل اور چیلنجز کا حل بھی اسی وقت ممکن ہے جب ہم اپنی عملی زندگی میں ان سنہری اصولوں کو اختیار کریں۔

(جاری ہے)

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ ہمیں یہ سبق بھی دیتا ہے کہ ہم باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیں، نفرتوں کو ختم کریں اور معاشرے کو امن و سکون کا گہوارہ بنائیں، یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں دنیا و آخرت کی کامیابی عطا کر سکتا ہے۔چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ ہمیں اس بابرکت موقع پر غرباء، یتیموں، بے سہارا اور مستحق افراد کو یاد رکھنا چاہئے اور ان کی مدد کو اپنی زندگی کا نصب العین بنانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی پوری زندگی خدمتِ انسانیت کے عظیم پیغام سے عبارت ہے جسے اپنانا آج کے دور کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو بھی سیرت النبی ﷺ سے اچھی طرح روشناس کرانا ہماری ذمہ داری ہے تاکہ وہ اعلیٰ اخلاق، دیانتداری اور قربانی کے جذبے کو اپنائیں اور مستقبل میں ملک و قوم کے لئے قیمتی اثاثہ بن سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہمیں اپنے اجتماعی نظام کو عدل و انصاف، مساوات اور اخوت کے اصولوں پر استوار کرنا ہوگا تاکہ ایک خوشحال اور پُرامن معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔

سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں سیرت النبی ﷺ پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان کو امن و خوشحالی کا گہوارہ بنائے اور پوری امتِ مسلمہ کو ہر فتنے اور آزمائش سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے بھی دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں آزادی کی نعمت سے نوازے۔