Live Updates

جاوید یوسف کی مسیحی برادری سے سیلاب زدگان کیلئے دعا کی اپیل

بے شمار خاندان کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، سٹی کونسلر جاوید یوسف کی مریم آباد روانگی کے وقت گفتگو

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء) کراچی سے مقدسہ مریم کے اجتماع کے لیے روانہ ہونے والے مسیحی زائرین کے قافلے کی روانگی کے موقع پر سٹی کونسل کے رکن جاوید یوسف نے ملک بھر کے مسیحی برادری سے سیلاب زدگان کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی۔ اس موقع پر جاوید یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیلاب نے پاکستان کے مختلف حصوں میں شدید تباہی مچائی ہے، ہزاروں افراد اپنے گھروں اور مال و متاع سے محروم ہو گئے ہیں اور بے شمار خاندان کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقدسہ مریم کے مقام پر جمع ہونے والے تمام مسیحی زائرین سے میری اپیل ہے کہ وہ خداوند کے حضور دعا کریں کہ پاکستان کو اس قدرتی آفت سے نجات ملے، متاثرہ افراد کو جانی و مالی نقصان سے محفوظ رکھا جائے اور ہمارے ملک میں دوبارہ خوشحالی اور سکون قائم ہو۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شرکاء نے جاوید یوسف کو ہار پہنانے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے نہایت عاجزی کے ساتھ انکار کرتے ہوئے کہا کہ‘‘میرے ملک کے لوگ اس وقت دکھ اور تکلیف میں مبتلا ہیں، ایسے میں میں کسی بھی قسم کی خوشی یا اعزاز قبول نہیں کرسکتا۔

’’انہوں نے مزید کہا کہ مسیحی برادری ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کے دکھ درد میں شریک رہی ہے اور آج بھی مسیحی عوام سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہیں۔یہ منظر نہ صرف عاجزی اور سادگی کی ایک مثال تھا بلکہ اس بات کی بھی علامت تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پورا ملک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑا ہے۔ جاوید یوسف کا یہ عمل مسیحی برادری کے جذبہ ہمدردی اور قومی یکجہتی کو اجاگر کرتا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات