1965کی جنگ میں بہادر مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کے خلاف اپنے وطن کا کامیابی سے دفاع کیا،گورنر بلوچستان

جمعہ 5 ستمبر 2025 20:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہاہے کہ 6ستمبر کوہم اس تاریخی دن کی یاد مناتے ہیں جو ہماری اجتماعی بہادری اور لچک سے گونجتا ہے، یہ دن برصغیر پاک و ہند کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے، یہ وہ دن تھا جب ہماری دلیر اور بہادر مسلح افواج نے دشمن کی جارحیت کے خلاف اپنے وطن کا کامیابی سے دفاع کیا۔

یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ 1965 میں ہماری افواج نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا یا ، اس تاریخی واقعہ نے ثابت کر دیا کہ اتحاد، اتفاق اور ایمان جیسے ہتھیار عددی برتری سے زیادہ طاقتور ہیں، جیسا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت کے طور پر اپنی کامیابی کا جشن منا رہا ہے، ہمیں اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو یاد رکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنے ملک کی سالمیت کے تحفظ اور دفاع کیلئے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یوم دفاع کے موقع پر ہم اپنی مسلح افواج اور پوری قوم کی بہادری اور عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو جارحیت کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہوئے، ہم ان کی روایت کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، آئیے قوم کے ان ہیروز کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور عزم کریں کہ ہم ہمیشہ اپنے ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرنے کی کوشش کریں گے۔