Live Updates

خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کی سیرت طیبہ دنیا کیلئے رحمت، ہدایت، اخوت اور اعلیٰ اخلاق کا سر چشمہ ہے، سردار ایاز صادق

جمعہ 5 ستمبر 2025 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیؐ کے 1500 ویں یوم ولادت باسعادت کے مبارک موقع پر امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ ؐکی سیرت طیبہ دنیا کے لیے رحمت، ہدایت، اخوت اور اعلیٰ اخلاق کا سر چشمہ ہے، رحمت، محبت اور رواداری کے 1500 سالہ جشن کا موقع امت مسلمہ کیلئے مسرت اور فخر کا باعث ہے، ہمیں اس موقع کو اصلاح نفس، معاشرتی بہتری اور سیرت طیبہ کی پیروی کے عہد کے طور پر منانا چاہیے۔

عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نبی کریمؐ نے معاشرے کو جہالت، نفرت اور ناانصافی سے نکال کر علم، عدل، رحم دلی اور رواداری کی بنیادوں پر استوار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے نبی کریم ؐ کو تمام جہانوں کے لیے سراپا رحمت اور اخلاق حسنہ کا کامل پیکر بنایا، آپؐ کی سیرت طیبہ ہر دور کے انسان کیلئے بہترین رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پرامن اور اعتدال پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے ہمیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں امانت و دیانت، عدل و انصاف، برداشت اور خدمت خلق جیسے اوصاف کو اپنانا ہوگا۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوام کی امیدوں کا مرکز ہے، ہمیں پارلیمانی عمل اور قانون سازی میں سیرت نبوی ؐ کی تعلیمات کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے ایسی قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے جو معاشی بحالی، تعلیم و صحت کے نظام کی بہتری، ماحولیاتی تحفظ اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کا موثر ذریعہ بنے۔

انہوں نے اس امر کی اہمیت اجاگر کی کہ نوجوان نسل کو سیرت رسولؐ کے سنہری اصولوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ اعلیٰ کردار اور اسلامی اقدار کے امین بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ محض ایک جشن نہیں بلکہ خود احتسابی اور نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عید میلاد النبی? کے بابرکت موقع پر ہمیں ان سیلاب متاثرین کو نہیں بھولنا چاہیے جو قدرتی آفات کے باعث اپنے پیاروں، گھر، مال مویشی اور روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مقدس موقع پر سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنا اور ان کی مدد کو قومی و دینی فریضہ سمجھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اراکین پارلیمان کو باہمی اختلافات بھلا کر حضرت محمد مصطفی ؐکی تعلیمات کی روشنی میں اس مشکل وقت میں قوم کی راہنمائی کرنے کا کہا۔ انہوں نے قوم سے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے آزمائش اور تکلیف کی اس گھڑی میں متاثرین کی دل کھول کر مدد کرنے کی اپیل کی۔

سپیکر قومی اسمبلی نے عید میلاد النبی ؐ کے بابرکت موقع پر فلسطین اور کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان مظلوم عوام کی جدوجہد آزادی اور حق خود ارادیت کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں عالمی برادری کو ان خطوں میں ظلم و بربریت کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خاتم النبین حضرت محمد مصطفیؐ کی تعلیمات کی روشنی میں پاکستان عالمی و علاقائی فورمز پر امن، انصاف اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھے گا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اللّٰہ تعالیٰ سے پاکستانی قوم کو نبی کریمؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل کرنے، وطن عزیز کو امن و خوشحالی سے نوازنے، سیلاب متاثرین کی مشکلات آسان کرنے اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم عوام کو آزادی عطا فرمانے کے لیے دعا کی۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے عید میلاد النبیؐ کے مقدس موقع پر امت مسلمہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ کی سیرت وہ روشن چراغ ہے جو قیامت تک انسانیت کو ہدایت و رہنمائی فراہم کرتا رہے گا۔

انہوں نے نبی کریمؐ کے اسوہ حسنہ کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگیوں میں اپنانے اور معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ڈپٹی سپیکر نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ اپنی خوشیوں میں ان خاندانوں کو بھی شامل کریں جو قدرتی آفات کے باعث مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں متحد ہو کر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے موثر اور عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ؐکی سیرت پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، وطن عزیز کو امن، استحکام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے، قوم کو باہمی محبت، رواداری اور خدمت خلق کا جذبہ عطا کرے اور کشمیر و فلسطین کے مظلوم عوام کو آزادی سے نوازے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات