امریکا سعودی عرب کو 100 ڈرون فروخت کرے گا

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہتھیاروں کے کنٹرول کے ایک معاہدے میں ترمیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔رائٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق اس نئی ترمیم سے سعودی عرب کو 100 سے زائد MQ-9 ڈرونز فروخت کرنے کا موقع ملے گا۔سعودی عرب نے رواں سال کے اوائل میں اس قسم کے تقریباً 100 ڈرونز خریدنے کی درخواست کی تھی۔

یہ درخواست مئی میں امریکی صدر ٹرمپ کے ریاض دورے کے دوران اعلان کیے گئے ہتھیاروں کے معاہدے کا حصہ تھی۔

(جاری ہے)

ہتھیاروں کے کنٹرول کا یہ معاہدہ 1987 میں منظور ہوا تھا جو "ریپر" جیسے جدید فوجی ڈرونز اور دیگر جدید اقسام کی بیرون ملک فروخت کو ممکن بناتا ہے۔دوسری جانب جنرل اتھارٹی فار ملٹری انڈسٹریز کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں سعودی عرب کے فوجی اخراجات 75.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جس سے یہ دنیا میں ہتھیاروں پر خرچ کرنے والا پانچواں اور عرب دنیا کا پہلا سب سے بڑا ملک بن گیا۔

اعداد و شمار کے مطابق، یہ اخراجات عالمی فوجی اخراجات کے مجموعی 2.44 کھرب ڈالر کا 3.1 فیصد ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب نے 2025 کے بجٹ میں فوجی شعبے کے لیے 78 ارب ڈالر مختص کیے ہیں جو کل حکومتی اخراجات کا 21 فیصد اور ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا 7.1 فیصد بنتا ہے۔