6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا روشن اور سنہری باب ہے،1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، سردار ایاز صادق

ہفتہ 6 ستمبر 2025 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یومِ دفاع پر 1965ء کی جنگ کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 6 ستمبر ہماری قومی تاریخ کا روشن اور سنہری باب ہے،1965ء کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔یہاں جاری بیان کے مطابق سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاک افواج نے 1965ء میں جراءت و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کیں،پاکستان ناقابلِ تسخیر قلعہ ہے، دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ یومِ دفاع ہمیں شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے،قوم اپنے جاں نثاروں اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کی بے مثال قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ قدرتی آفات میں افواج پاکستان نے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا،افواج پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا،بھارت کی جارحیت کے جواب میں ’’ معرکۂ حق‘‘ قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں افواج پاکستان کی جراءت، قربانی اور صلاحیتیں دنیا بھر میں بے مثال رہیں،پاکستانی عوام نے "معرکۂ حق" میں قومی یکجہتی اور ثابت قدمی کا شاندار مظاہرہ کیا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ افواج پاکستان نے معرکۂ حق میں دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا،قومی یکجہتی اور عسکری قیادت کا مضبوط رشتہ پاکستان کا اصل ہتھیار ہے،ہماری افواج آج بھی ناقابلِ شکست ہیں، یہی جذبہ پاکستان کے استحکام کی ضمانت ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنرل عاصم منیر کی افواج پاکستان کو عصرِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی کاوشیں لائقِ تحسین ہیں،شہداء ہمارے حقیقی ہیروز ہیں، ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی۔