حریت کانفرنس کی درگاہ حضرت بل میںاشوک کا نشانہ نصب کرنے کی مذمت،غیور کشمیری مسلمان توہین آمیز حرکات ہرگز برداشت نہیں کریں گے، ترجمان

ہفتہ 6 ستمبر 2025 12:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قابض اانتظامیہ کی طرف سے سرینگر کی درگاہ حضرت بل کے احاطے میں اسلامی تعلیمات کے منافی ایک بورڈ نصب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیو رکشمیری مسلمان اس طرح کی توہین آمیز حرکات ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ علاقے کے نام نہاد وقف بورڈ نے درگاہ حضرت بل جہاں ہمارے پیارے آقا انخصور ﷺ کا موئے مقدس موجود ہے، کی تزئین و آرائش کے سلسلے میں ایک افتتاحی بورڈ نصب کیا جس پربدھ مت سے وابستہ موری خاندان کے آخری بڑے بادشاہ اشوک کا نشان بھی نصب تھا جو توحید پرمبنی اسلامی تعلیمات کے یکسر منافی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اس نشان سے کشمیری مسلمانوں کے جذبات سخت مجروح ہوئے لہذا انہوںنے اس نشان کو اکھاڑ ڈالا۔ترجمان نے کہاکہ بی جے پی سے وابستہ وقف بورڈ کی نام نہاد چیئرپرسن درخشاں اندرابی نے یہ نشان ”بی جے پی اور آرایس ایس “کی ایما پر اس عظیم جگہ پر نصب کیا ۔ یہ توحید کے بنیادی اسلامی عقیدے پر ایک سنگین حملہ ہے جو کشمیری مسلمانوں کو کسی صورت قابل قبول نہیں اور وہ اس طرح کی اسلام مخالف کارروائیوں کویکسر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان نے کشمیری مسلمانوں کے دینی جذبات کو سراہتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے کی وسری جگہوں پر بھی تلاش کریں کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے کہاں کہاں ہندوتوا کے بور ڈ لگائے ہوئے ہیں کیونکہ یہ جموں وکشمیر کے اسلامی تشخص کے خلاف ایک بہت بڑی سازش ہے۔ انہوں نے بھارت بھر میں جس طرح ہندو اتنہا پسند مساجد ، مزاروں اور درگاہوں کے حوالے بے بنیاد دعوے کر رہے ہیں ، اسی طرح یہ لوگ آہستہ آہستہ کشمیرمیں بھی ایسے ہی لغو اور بے بنیاد دعوے کریں گے اور یہاں کی مساجد ، مزاروں اور درگاہوں کا وجو د بھی خطرے میں پڑ جائے گالہذا ہمیںسخت ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔

ترجمان نے کہاکہ کشمیریوںکو چاہیے کہ وہ اس طرح کی اسلام دشمن کارروائیوں کے خلاف سخت احتجاج کریں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ علاقے میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے سہولت کار وں کو کبھی معاف نہیں کریں اور ان کا انجام وہی ہوگا اور دین ، وطن اور ملت فرشوں کا ہوتا آیا ہے ۔ ترجمان نے درخشان اندابی کے اس بیان کی بھی شدید مذمت کی جس میں انہوںنے اشوکا کے نشان کو توڑنے والوں کو گرفتار کرکے ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرنے کی بات کی ہے۔