Live Updates

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی قیادت میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ کا این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ

ہفتہ 6 ستمبر 2025 13:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی قیادت میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ نے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ کیا۔این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ڈیزاسٹر ایکسپرٹ برائے ایشیا ایوانا ووکو اور ان کی ٹیم نے بریفنگ میں شرکت کی۔

دو روزہ مشاورتی اجلاس میں قدرتی آفات کے تدارک اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے نمٹنے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار اور پیشگی انتباہی نظام پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں این ڈی ایم اے کے بین الاقوامی ریلیف، ریسپانس کے معاونتی طریقہ کار،پیشگی اقدامامت اور عالمی تعاون کے حوالے سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کی جامع بین الاقوامی فرضی مشقوں کے ذریعے غیر ملکی و علاقائی ممالک کے ساتھ مشترکہ تیاری کے لائحہ عمل پر بھی بریفنگ دی گئی۔جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اورسیلاب کی وارننگ اور تیاری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔نیٹلی بیکر نے این ڈی ایم اے کے جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ ماڈل اور سی آئی ایس سی جیسے مشترکہ اقدامات کو خطے کے لیے مثالی قرار دیا۔

امریکہ نے 2025 کے سیلاب میں پاکستان کی امدادی سرگرمیوں بشمول امدادی سامان کی ترسیل، تکنیکی ماہرین اور فلاحی اداروں کے ذریعے معاونت کی یقینی دہانی کرائی۔لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک فرینک نے این ڈی ایم اے کے فعال اقدامات اور این ای او سی کے کلیدی کردار کو سراہا۔امریکی وفد نے آفات سے بچاؤ اور باہمی فرضی مشقوں میں مزید تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ خطے کو بڑھتے موسمیاتی خطرات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات