یومِ دفاعِ پاکستان ہمیں اُن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے جانباز سپاہیوں، شہداء اور غازیوں نے وطنِ عزیز کے تحفظ، سالمیت اور خودمختاری کے لیے دیں، رانا مشہود احمد خان

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ستمبر یومِ دفاعِ پاکستان ہمیں اُن عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے جانباز سپاہیوں، شہداء اور غازیوں نے وطنِ عزیز کے تحفظ، سالمیت اور خودمختاری کے لیے دیں۔یہاں جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس میں پاکستانی قوم نے جرات، اتحاد اور استقامت کی لازوال مثال قائم کی۔

ہم افواجِ پاکستان کے ان سپاہیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دشمن کی جارحیت کے خلاف فولادی عزم اور بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ آپریشنز ’’بنیان مرصوص‘‘ اور دیگر دفاعی اقدامات ہماری قومی غیرت اور افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ترجمان ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بطور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام، میں پاکستان کے نوجوانوں کو خاص طور پر اس دن کی اہمیت سے آگاہ کرنا چاہتا ہوں۔

آج کا دن ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قومیں تبھی ترقی کرتی ہیں جب اُن کا نوجوان طبقہ باہمی اتحاد، قومی شعور، اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہو۔ انہوں نے کہا کہ آئیں! ہم سب مل کر اس عہد کی تجدید کریں کہ اپنے شہداء کے خوابوں کے مطابق ایک پرامن، ترقی یافتہ، اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کریں گے جہاں ہر نوجوان کو تعلیم، مواقع، اور انصاف میسر ہو، اور انسانی وقار کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔