عقیدہ ختمِ نبوتؐ دینِ اسلام کی بنیاد اور مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے،بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

ہفتہ 6 ستمبر 2025 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےکہا ہے کہ عقیدہ ختمِ نبوتؐ دینِ اسلام کی بنیاد اور مسلمانوں کے ایمان کا بنیادی جزو ہے،حضرت محمد مصطفی ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے آخری نبی اور رسول بنا کر بھیجا اور آپ ﷺ کی ذات اقدس پر نبوت کا سلسلہ ہمیشہ کے لیے مکمل کر دیا گیا۔اس کے بعد نبوت کا کوئی تصور یا دعویٰ قطعاً باطل ہے اور ایسے عناصر امتِ مسلمہ کے دشمن اور اسلام کے بدترین مخالف ہیں۔

جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ ختمِ نبوت کا عقیدہ ہماری دینی، فکری اور تہذیبی شناخت ہے اور اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ دور میں مختلف گمراہ کن گروہ اس عقیدے کو کمزور کرنے اور مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ ایسے حالات میں ہم سب پر لازم ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، اپنی نوجوان نسل کو صحیح تعلیمات سے روشناس کرائیں اور انہیں ایسے افکار و نظریات سے محفوظ رکھیں جو فتنہ و فساد کو ہوا دیتے ہیں۔

صدر آزاد جموں و کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ہمیشہ اسلام کی سربلندی، عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ اور پاکستان کے ساتھ اپنی والہانہ وابستگی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ حکومت آزاد جموں و کشمیر ہر سطح پر عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ، اس کے فروغ اور اس کے خلاف کسی بھی فتنے کو کچلنے کے لیے تمام تر قانونی و انتظامی اقدامات جاری رکھے گی۔

صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اس دن کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اسلام کے اس بنیادی عقیدے کے دفاع کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے اور کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے جو امتِ مسلمہ کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کے لیے کی جائے۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرنے، عقیدہ ختمِ نبوتؐ کے تحفظ کے لیے متحد رہنے اور اپنی آنے والی نسلوں کو اس پیغام سے روشناس کرانے کی توفیق عطا فرمائے۔