سندھ کے سینئر وزیر شرجیل کا یوم دفاع پرقومی محافظوں کو خراج تحسین

ہفتہ 6 ستمبر 2025 15:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2025ء) سندھ کے سینئر وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس موقع پر ہم وطن عزیز کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ء اور قومی محافظوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یوم دفاع ہمیں ہمارے اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہم اپنی سرحدوں اور وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط اور غیر متزلزل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ حق میں دشمن پر فتح نے ثابت کر دیا کہ ہمارا دفاع کبھی کمزور نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور ہماری قوم ہمیشہ اپنے ملک کے دفاع میں ایک مضبوط دیوار بن کر کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے مقدس فریضے سے ہمارا عزم کبھی نہیں ڈگمگا ئے گا۔